ویانا: رتلے اور کشن گنگا پن بجلی منصوبوں سے متعلق کارروائیوں پر ہونے والی تیسری ملاقات میں غیر جانبدار ماہر کی اہلیت پر بات چیت کی گئی ۔
یہ ملاقات ویانا میں پاکستان اور بھارت کے مابین جاری کارروائیوں کا حصہ تھی، جو بھارت کی جانب سے شروع کی گئی تھی۔
مستقل عدالت برائے ثالثی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، انڈس واٹرز ٹریٹی 1960 کے تحت مقرر کردہ غیر جانبدار ماہر مشیل لینو نے تحریری دلائل موصول ہونے کے بعد تیسری ملاقات کی ۔ ان دلائل کا تبادلہ دونوں ممالک کی ٹیموں نے سال 2024 کے اوائل میں کیا تھا۔
پریس ریلیز کے مطابق، “تیسری ملاقات کا موضوع معاہدے کے ضمیمہ ایف کے پیراگراف 7 کے تحت غیر جانبدار ماہر کی اہلیت سے متعلق تھا۔”
اس موقع پر ہر فریق نے ابتدائی اور جوابی دلائل پیش کیے۔
مزید کہا گیا کہ غیر جانبدار ماہر اپنی اہلیت سے متعلق فیصلہ کرنے کے لیے معاہدے کے ضمیمہ ایف کے پیراگراف 7 کے تحت کارروائی کریں گے۔
پاکستان کی طرف سے نامزد نمائندے احمد عرفان اسلم، وکیل سر ڈینیئل بیتھلہم کے سی، پروفیسر فلپا ویب اور ڈاکٹر کیمرون مائلز نے دلائل پیش کیے۔
بھارت کی طرف سے نامزد نمائندے اور سیکرٹری، محکمہ آبی وسائل، دریاؤں کی ترقی اور گنگا کی بحالی، محترمہ دیباشری مکھرجی اور ان کے وکیل حریش سالوے کے سی نے دلائل پیش کیے۔
پاکستان کی نمائندگی میں سیکرٹری وزارت آبی وسائل سید علی مرتضیٰ، انڈس واٹرز کمشنر سید محمد مہر علی شاہ، وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے جنوبی ایشیا الیاس محمود نظامی، وزارت خارجہ کے قانونی مشیر اسد خان برکی، پاکستان کی ویانا میں سفارتخانے کے عہدیدار عدیل احمد خان اور حسن عباس، محترمہ لورا ریز ایونز اور وکیل عبداللہ طارق شامل تھے۔
معاہدے کے ضمیمہ ایف کے پیراگراف 7 کے تحت غیر جانبدار ماہر کی اہلیت پر دونوں فریقین کی طرف سے دلائل مکمل ہو چکے ہیں۔
بھارت کی جانب سے اس ملاقات میں مرکزی آبی کمیشن کے چیئرمین اور سیکرٹری کشنویندر ووهرا، وزارت خارجہ کی ایڈیشنل سیکرٹری محترمہ اوما شیکھر، جوائنٹ سیکرٹری جے پی سنگھ، انڈس واٹرز کمشنر درپن تلوار، چیف انجینئر وویک تریپاٹھی، چیف انجینئر شروان کمار، وزارت توانائی کے افسران، اور ویانا میں بھارتی سفارتخانے کی فرسٹ سیکرٹری محترمہ ندھی دھیمن اور ان کے وکیل شامل تھے۔
13 اکتوبر 2022 کو عالمی بینک نے انڈس واٹرز ٹریٹی 1960 کے آرٹیکل IX اور ضمیمہ ایف کے تحت مشاورت کے بعد مشیل لینو کو بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف شروع کی گئی کارروائیوں میں غیر جانبدار ماہر مقرر کیا۔
27-28 فروری 2023 کو پہلے اجلاس کے بعد غیر جانبدار ماہر کی شرائط کا تعین 2 مئی 2023 کو کیا گیا۔ ان میں تکنیکی معاون کے طور پر لوس ڈیرو کی تقرری شامل تھی۔
5 جون 2023 کو مستقل عدالت برائے ثالثی کو ویانا اور ماریشس دفاتر کے ذریعے کارروائیوں کے لیے سیکرٹریٹ مقرر کیا گیا۔

