اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پولیو کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے پولیو اوورسائٹ بورڈ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے نمائندے، ڈبلیو ایچ او اور یونیسیف سمیت دیگر اداروں اور تنظیموں کے عہدے دار اور نمائندے شریک تھے۔
وزیراعظم نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کا پاکستان سے پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں ساتھ دینے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ان تمام تنظیموں اور اداروں کا کردار پولیو کو ختم کرنے کی ٹھوس کوششوں کی علامت ہے اور ہم بہت جلد پولیو کو شکست دے کر پاکستان کو پولیو فری ملک بنا دیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پولیو کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں تمام صوبوں کو بھی اعتماد میں لیا جا چکا ہے اور سب صوبے اور وفاق مل کر پولیو کے خلاف اقدامات میں متحد ہیں۔
اجلاس میں مہمان وفد کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر حال ہی میں ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران وزارت قومی صحت اور انسداد پولیو پروگرام سے متعلقہ افسران نے پولیو سے متاثرہ دور دراز علاقوں کا دورہ کیا اور پولیو مہم کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا گیا۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ جن بچوں میں پولیو کی تشخیص ہوئی ہے ان کی نگہداشت کی جا رہی ہے، ملک کے جن علاقوں میں بچوں میں پولیو ویکسینیشن کی شرح بہتر ہے وہاں پولیو کا پھیلاؤ کم ہے۔

