پشاور/غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک) فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان ڈاکٹر ناجی ظہیر نے غزہ جنگ میں پاکستان کی جانب سے حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ پشاور میں جمعیت علمائے اسلام کی ’اسرائیل مردہ باد‘ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان حماس ڈاکٹر ناجی ظہیرنے کہا کہ پشاور اور خیبر پختونخوا کو فلسطین کے جان بازوں کا سلام پیش کرتا ہوں‘ 15 مارچ سے روزانہ جنگ جاری ہے اور اسرائیل کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، یہ اسلام کی جنگ ہے اور اس وقت تک جاری رہے گی جب تک یہودی بھاگ نہیں جاتے۔ ترجمان حماس کا کہنا تھا کہ آپ یہاں جمع ہیں گو کہ آپ اسرائیل کے خلاف میدان جنگ میں کھڑے ہیں، انہوں نے اسرائیل کو مخاطب کرکے کہا کہ سن لو بچوں اور نوجوانوں کو قتل کر رہے ہو لیکن ان کے ارادوں کو قتل نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ یہاں آپ کے خون کا نتیجہ ہے کوئی بھی فلسطین چھوڑ کرنہیں بھاگ رہا ہے بلکہ یہودی اسرائیل سے بھاگ رہے
ہیں، پاکستانی جب اسرائیلیوں کے خلاف لڑیں گے تو تکہ بوٹی کردیں گے۔ علاوہ ازیں غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز شمالی شہر بیت لاہیہ کے ایک بڑے اسپتال کے ارد گرد اسرائیلی حملوں میں غزہ کے 29 افراد شہید ہو گئے۔
