لاہور (وقائع نگارخصوصی ) امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری، صوبائی سیکر ٹری اطلاعات محمد فاروق چوہان اور ڈپٹی سیکرٹری محمد عمران الحق نے لاہور پریس کانفرنس کے نو منتخب صدر ارشد انصاری اور دیگر عہدیداران کو مبارک بادیتے ہوئے کہا ہے کہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی صحافت نے ہمیشہ ملک میں آزادی اظہار، عوامی آگاہی اور حقائق کی روشنی میں قومی مباحثوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ حقائق قوم تک پہنچائے اور اپنی ذمہ داری کو بخوبی سر انجام دیا ہے۔لیکن آج کل اس شعبے کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جو اس کی آزادی اور غیرجانبداری کو متاثر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ نو منتخب صدر پریس کلب صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنی خدمات سر انجام دیں گے اور ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سال سیکڑوں صحافی اپنے فرائض کی تکمیل میں قربان ہو جاتے ہیں۔ سب سے بڑا چیلنج ریاستی مشینری کی جانب سے دباؤ ہے۔ صحافیوں پر تنقید کے جواب میں سخت اقدامات، گرفتاریوں اور میڈیا اداروں پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ، صحافتی تنظیموں پر دباؤ ڈال کر ان کے آزادانہ کام کرنے کی صلاحیت کو محدود کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدامات نہ صرف صحافیوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں بلکہ معاشرتی شعور اور جمہوری اصولوں کو بھی کمزور کرتے ہیں۔ان چیلنجز کے باوجود، پاکستانی صحافیوں نے ہمیشہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو نبھانے کی کوشش کی ہے۔ جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے رہنمائوں نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت، عوام اور میڈیا ادارے مل کر صحافت کی آزادی اور غیرجانبداری کے تحفظ کے لیے اقدامات کریں۔ صحافیوں کو محفوظ اور آزاد ماحول فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنا کام کر سکیں۔ہماری قوم کی ترقی اور جمہوری استحکام کا انحصار آزاد اور مضبوط صحافت پر ہے۔ اس لیے ہمیں اپنے صحافیوں کے حقوق اور آزادی کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا تاکہ وہ ملک و قوم کی خدمت بہتر طریقے سے کر سکیں۔ہماری قوم کی ترقی اور جمہوری استحکام کا انحصار آزاد اور مضبوط صحافت پر ہے۔
