امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والا معاہدہ اب حتمی مرحلے کے قریب پہنچ چکا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ روس یوکرین جنگ بندی کے معاملے پر یوکرینی اور یورپی قیادت سے تفصیلی مشاورت ہوئی ہے اور امریکی امن منصوبے کو یورپی رہنماؤں کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ برلن میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کے بعد نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے جبکہ جنگ بندی کے حوالے سے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بھی بات چیت کی جا چکی ہے۔
دوسری جانب یورپی رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ یوکرین کو دی جانے والی کسی بھی مغربی سکیورٹی ضمانت میں یورپ کو بھی شامل کیا جانا چاہیے۔
یورپی قیادت کا کہنا ہے کہ اگرچہ مذاکرات آگے بڑھ رہے ہیں، تاہم علاقوں کے کنٹرول سے متعلق معاملہ تاحال ایک بڑی رکاوٹ بنا ہوا ہے۔
