امریکی ریاست پنسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا کے نواحی علاقے میں قائم ایک نرسنگ ہوم میں دھماکا ہونے سے شدید آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث عمارت کا ایک حصہ زمین بوس ہوگیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق حادثے میں کم از کم 2 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متعدد افراد اب بھی لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔ حکام نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
پنسلوینیا کے گورنر کا کہنا ہے کہ واقعے کے فوری بعد مقامی ریسکیو ٹیموں، نرسنگ ہوم کے عملے اور شہریوں نے مشترکہ کوششوں سے بزرگ رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
دھماکے کے فوراً بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر نرسنگ ہوم کی گیس اور بجلی کی سپلائی منقطع کر دی گئی تاکہ امدادی کارروائیوں میں مصروف اہلکاروں اور آس پاس کے رہائشیوں کو کسی مزید خطرے سے بچایا جا سکے۔
ابتدائی تحقیقات میں گیس لیکیج کو دھماکے کی ممکنہ وجہ قرار دیا گیا ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تفصیلی تحقیقات جاری ہیں۔
