ڈھاکا: بنگلا دیش کی سیاسی فضا میں رمضان المبارک کے موقع پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں بنگلہ دیش جماعت اسلامی کی جانب سے 28 فروری بروز ہفتہ شام پانچ بجے بنگلہ دیش چائنہ فرینڈ شپ کانفرنس سینٹر میں ایک خصوصی افطار پارٹی کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس تقریب میں ملک کی نمایاں سیاسی شخصیات سمیت وزیر اعظم جناب طارق رحمن اور ان کے اہل خانہ کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل میا گولم پروار نے ڈھاکہ میں قائم سرکاری سیکرٹریٹ میں وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران انہوں نے وزیر اعظم کو باضابطہ طور پر افطار پارٹی کا دعوت نامہ پیش کیا، وزیر اعظم نے نہایت خوش دلی کے ساتھ دعوت قبول کرتے ہوئے پروگرام میں شرکت کی یقین دہانی کرائی۔
ادھر جماعت اسلامی کے امیر اور قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شفیق الرحمن نے بھی وزیر اعظم سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ گفتگو کے دوران انہوں نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ وہ اپنی اہلیہ اور بچوں سمیت افطار پروگرام میں شرکت کریں تاکہ قومی سطح پر یکجہتی اور ہم آہنگی کا پیغام دیا جا سکے، وزیر اعظم نے اس درخواست پر مثبت ردعمل ظاہر کیا۔
جماعت اسلامی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ افطار پارٹی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، سفارتی نمائندوں، علما کرام اور سماجی شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا ہے،رمضان المبارک اتحاد، رواداری اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اور اسی جذبے کے تحت یہ تقریب منعقد کی جا رہی ہے۔
