تہران: ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے دوران ایک نیا سفارتی پہلو سامنے آیا ہے، جہاں ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے بعد سوئیڈن میں قائم ایرانی سفارتخانے نے ایران کی تہذیب و ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی ویڈیوز جاری کر دیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے ممکنہ جنگ کے تناظر میں یہ بیان دیا تھا کہ وہ ایک رات میں ایرانی تہذیب کو تباہ کر سکتے ہیں۔ اس بیان کے ردعمل میں سوئیڈن میں ایرانی سفارتخانے نے سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز شیئر کیں جن میں ایران کے تاریخی ورثے اور فن تعمیر کو نمایاں کیا گیا ہے۔
جاری کردہ ویڈیوز میں اصفہان میں واقع ایک قدیم مسجد کو دکھایا گیا ہے، جو تقریباً چار سو سال قبل تعمیر کی گئی تھی۔ اس مسجد کو فن تعمیر کا شاہکار قرار دیا جاتا ہے، جہاں اس دور میں بھی آواز کی ترسیل کا ایک منفرد نظام موجود تھا، جب لاؤڈ اسپیکر کا تصور بھی نہیں تھا۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ مسجد کے ایک مخصوص مقام پر کھڑے ہو کر اذان دینے یا بلند آواز میں بات کرنے سے آواز کی بازگشت پورے ہال میں واضح طور پر سنائی دیتی ہے۔ ایک منظر میں ایک شخص محض کاغذ کو سیدھا کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اس کی آواز بھی پورے احاطے میں گونجتی محسوس ہوتی ہے، جو اس عمارت کی صوتی خصوصیات کو ظاہر کرتا ہے۔
اس کے علاوہ ایرانی سفارتخانے نے ایک قدیم گرجا گھر کی ویڈیو بھی جاری کی، جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس کی تعمیر پہلی صدی عیسوی میں ہوئی تھی۔ اس اقدام کو ایران کی تہذیبی اور مذہبی ہم آہنگی کو اجاگر کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔