ایرانی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 9 مئی سے تمام سرکاری ادارے مکمل طور پر فعال ہوجائیں گے۔
گورنر تہران محمد صادق کے مطابق 9 مئی سے تہران میں تمام حکومتی وزارتیں اور ادارے اپنی مکمل استعداد کے ساتھ کام شروع کردیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اسکولوں اور جامعات میں تعلیمی سرگرمیاں وزارت تعلیم اور وزارت سائنس کی ہدایات کے مطابق جاری رکھی جائیں گی۔
دوسری جانب ایران کی پورٹس اور میری ٹائم آرگنائزیشن نے کہا ہے کہ ملک کی تمام بندرگاہیں جہازوں کو معمول کی سمندری خدمات اور معاونت فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
ادارے کے مطابق آبنائے ہرمز اور دیگر علاقائی سمندروں میں موجود تجارتی جہازوں کو جہاز رانی سے متعلق سہولیات، تکنیکی معاونت اور طبی خدمات فراہم کرنے کے انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے ہیں۔
