کیمپ جیل میں نیب کی بیرک کے باہر آتشزدگی کے نتیجے میں مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی سعد رفیق زخمی ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق ایمرجنسی فون کال کرتے ہوئے سر پر چوٹ لگنے سے معمولی زخمی ہوئے، معلوم ہوا ہے کہ سعد رفیق کا سر لوہے کے جنگلے سے ٹکرایا جس کی وجہ سے انہیں چوٹ لگی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ جیل کے عملے نے آگ پر قابو پایا، ریسکیو ٹیم نہیں بُلائی گئی۔
احتساب عدالت لاہور میں پیراگون اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی تو نیب نے خواجہ سعد رفیق کو پیش کیا۔ سعد رفیق نے فاضل جج سے کہا کہ رات کو میری بیرک میں آگ لگی جس کی وجہ سے زخمی ہوگیا، میرا سر لوہے کے راڈ کے ساتھ لگا جس وجہ سے کچھ دیر تک مجھے کچھ نظر نہیں آیا۔
دوران سماعت سعد رفیق نے عدالت سے استدعا کی کہ اسلام آباد میں سب جیل قرار دے کر مجھے وہیں رکھا جائے تاکہ قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے آنے جانے والے 8 گھنٹوں کے سفر کی پریشانی سے بچا جا سکے۔

