اسلام آباد(اے پی پی)امریکی خصوصی نمائندہ برائے افغانستان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے امریکا طالبان معاہدہ،انٹرا افغان ڈائیلاگ اور جامع و مستقل جنگ بندی کے لیے راہ ہموارہو گی۔ہفتے کو امریکی سفارتخانے کی جانب سے خصوصی نمائندہ خلیل زاد کے دورہ پاکستان کے اختتام پر جاری بیان میں کہا گیاہے کہ زلمے خلیل زاد نے 31 جنوری کو پاکستان کا دورہ کیا۔زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی،چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر سرکاری حکام کے ساتھ الگ الگ ملاقات کی۔ملاقاتوں کے دوران افغانستان میں جنگ کے خاتمے کے لیے سیاسی تصفیے کی غرض سے جاری کوششوں کو زیر بحث لایا گیا۔زلمے خلیل زاد نے تشدد میں کمی کے حوالے سے جاری پاکستان کی کوششوں کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس سے امریکا طالبان معاہدہ،انٹرا افغان ڈائیلاگ اور جامع و مستقل جنگ بندی کے لیے راہ ہموارہو گی۔زلمے خلیل زاد نے اس بات پر بھی زور دیا کہ افغانستان میں پائیدار امن سے خطے کو بے پناہ اقتصادی اور سیکورٹی فوائد ہوںگے۔
امریکا کا افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کی کوششوں کا خیر مقدم
القمر
