بھائی سے ملنے کئی بار بھارت جاچکی ہیں
پشاور سے چپل کا تحفہ لے کر جاتی تھیں
کراچی( نیٹ نیوز)بولی وڈ اسٹار شاہ رخ خان کی کزن 54 سالہ نورجہاں طویل عرصے تک بیمار رہنے کے بعد انتقال کر گئیں۔ نورجہاں کو ’منی‘ بھی کہا جاتا تھا وہ شاہ رخ خان کے چچا کی بیٹی تھیں اور دونوں کے درمیان تین سے چار بار ملاقات بھی ہوچکی تھی۔ نورجہاں نے میڈیا کو بتایا تھا کہ شاہ رخ خان ان کے سگے کزن ہیں جو کہ ان کے چچا تاج محمد کے بیٹے ہیں جو پشاور سے پڑھائی اور روزگار کے سلسلے میں متحدہ ہندوستان کے وقت دہلی منتقل ہوگئے تھے اور اس دوران برصغیر کی تقسیم ہوگئی تو وہ وہیں رہ گئے۔ نورجہاں کے مطابق ان کے آ باؤ اجداد کا تعلق وادی کشمیر سے تھا جو 1895 میں ہجرت کرکے پشاور آ ئے تھے تاہم متحدہ ہندوستان کے وقت قیام پاکستان سے قبل شاہ رخ خان کے والد ممبئی گئے تو وہیں رہ گئے اور وہیں ان کا خاندان بڑھا۔ انہوں نے انٹرویو میں بتایا تھا کہ شاہ رخ خان 1978 اور 1980 میں دوبار پشاور آ ئے تو ان دونوں کی ملاقات ہوئی تھی اور اس وقت ان کی اور شاہ رخ خان کی عمریں 13 سے 14 برس تھیں۔ انتقال سے قبل نورجہاں کی خواہش تھی کہ وہ ایک بار پھر شاہ رخ خان کو دیکھیں اور وہ چاہتی تھیں کہ بولی وڈ اداکار ان کے پاس آ ئیں لیکن ایسا نہ ہوسکا۔ نورجہاں کے خاندانی ذرائع نے تصدیق کی کہ انہوں نے بیماری کے وقت شاہ رخ خان سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا تاہم ایسا ممکن نہیں ہوسکا۔ جہاں شاہ رخ خان اپنی کزن سے ملنے پاکستان آ ئے تھے وہیں نورجہاں بھی شاہ رخ خان اور ان کے اہل خانہ سے ملنے کے لیے متعدد بار بھارت گئی تھیں اور وہ ہر بار شاہ رخ خان کے لیے پشاور سے چپل سمیت دیگر تحائف لے جاتی تھیں۔

