حکومت نے طلبہ کی فیسوں کی مد میں اربوں روپے کی ادائیگی تاحال نہیں کی ہے
نہم، دہم، گیارہویں اور بارہویں کی انرولمنٹ اور امتحانی فیسوں کی ذمہ داری لی تھی
کراچی( نیوز ڈیسک) سندھ کے تعلیمی بورڈز میں سنگین بحران پیدا ہوگیا۔ سندھ حکومت نے طلبہ کی فیسوں کی مد میں اربوں روپے کی ادائیگی تاحال نہیں کی ہے۔ ذرائع کے مطابق امتحانات لینے والے اداروں کا نظام متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ حکومت سندھ نے صوبے کے تمام سرکاری تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم نہم‘ دہم‘ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ کے انرولمنٹ اور امتحانی فیسوں کی ذمہ داری لیتے ہوئے فیسوں کی رقم صوبے کے7 تعلیمی بورڈز کو خود دینے کا اعلان کیا تھا تاہم سندھ کے تعلیمی بورڈز کو رواں سال ہونیوالے امتحانات کی مد میں فیسوں کی رقم تاحال نہیں مل سکی۔ اس کے علاوہ انرولمنٹ کی فیسیں بھی نہیں مل سکی ہیں جس کے باعث سندھ کے تعلیمی بورڈز میں سنگین بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز نے اس حوالے سے طلبہ کے اعداد وشمار حکومت سندھ کو دے دیئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رقم نہ ملنے سے صوبے کے7 تعلیمی بورڈز کے امور چلانے میں دشواری ہوگی۔

