English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بغداد میں امریکی سفارتخانے پر 4راکٹ داغ دیے گئے

القمر

بغداد (انٹرنیشنل ڈیسک) عراقی دارالحکومت بغداد میں امریکی سفارت خانے کے نزدیک 4 کیٹوشیا راکٹ آ گرے جب کہ اسی دوران حساس ترین علاقے گرین زون میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ عرب ٹی وی کے مطابق حملے کے بعد گرین زون پر فوجی ہیلی کاپٹروں کی پروازیں دیکھنے میں آئیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق راکٹ بغداد میں الرشید عسکری کیمپ کے علاقے سے داغے گئے تھے جو امریکی سفارت خانے کی عمارت کے قریب آ کر گرے۔ واضح رہے کہ عراق میں کئی ماہ سے ایسے عسکری اڈوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جہاں امریکی فوجی مقیم ہیں۔ اس کے علاوہ بغداد میں امریکی سفارت خانہ بھی کئی بار ہونے والے راکٹ حملوں کی زد میں رہا ہے۔ رواں برس جنوری میں ایک امریکی فضائی حملے میں ایرانی القدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد سے امریکی مفادات پر حملوں میں تیزی آ گئی ہے۔ امریکی اور عراقی حکومت نے گزشتہ دنوں ایک مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ واشنگٹن آیندہ مہینوں کے دوران عراق میں اپنی عسکری قوت میں کمی لانے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔یہ بیان بغداد اور واشنگٹن کے درمیان تزویراتی بات چیت شروع ہونے کے بعد سامنے آیا تھا، جس میں دونوں حکومتوں کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تنظیم داعش کے خطرے پر قابو پانے کے حوالے سے بڑی پیش رفت کی روشنی میں امریکا آیندہ مہینوں میں عراق میں اپنے فوجیوں کی تعداد کم کرتا رہے گا، تاہم اس سلسلے میں مزید تفصیلات پیش نہیں کی گئیں۔ مشترکہ بیان میں امریکا کی جانب سے یہ موقف بھی دہرایا گیا کہ واشنگٹن عراق میں مستقل اڈوں یا مستقل عسکری وجود کے لیے کوشاں نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے