کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پانی کی نکاسی میں رکاوٹ بننے والی عمارتیں گرانے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت بارش کے بعد کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں کمشنر کراچی نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بارش کے پانی سے متعلق بریفنگ دی۔
مراد علی شاہ نے مون سون کی حالیہ بارشوں کے بعد شہرقائد کی صورتحال پر انتظامیہ کو سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ کے ایم سی کا اربن ڈزاسٹر ریسپانس یونٹ بھی متحرک نظر نہیں آیا اور ضلع جنوبی کے بیشتر علاقوں سے پانی اب تک کیوں نہیں نکالا گیا؟۔
وزیراعلیٰ سندھ نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو تمام اضلاع کے سروے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے بعد بیشتر علاقوں میں ابھی تک بجلی بحال نہیں ہوئی جس پر مراد علی شاہ کو بتایا گیا کہ کے الیکٹرک کے 1900 فیڈرز میں 170 بحال ہونا باقی ہیں۔
بارش کے بعد کی صورتحال سے متعلق اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے پانی کی نکاسی میں رکاوٹ بننے والی عمارتیں گرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہر کو ٹھیک کرنا ہے، چاہے کتنے سخت اقدامات کیوں نہ کرنے پڑیں۔

