لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ آصف کے 48 بینک اکاﺅنٹس کا سراغ لگا لیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق خواجہ آصف کے 48 بینک اکاﺅنٹس میں ایک ارب 45 کروڑ روپے کی خطیر رقم جمع ہوئی، تمام بینک اکاﺅنٹس خواجہ آصف اور ان کے خاندان کے بے نامی اداروں کے نام پر کھلوائے گئے، (ن) لیگ کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف اور ان کے خاندان کے اراکین کے اکاﺅنٹس میں 22 کروڑ 30 لاکھ کی رقوم جمع ہوئیں، گرفتار خواجہ آصف سے دوران تفتیش استفسار کیا جائے گا کہ بھاری رقوم کس مد میں ان کے اکاﺅنٹس میں جمع ہوئیں؟۔
خواجہ آصف سے بے نامی اداروں کے اکاﺅنٹس میں موجود اور اس کے تعلق کی بابت بھی دریافت کیا جائے گا، خواجہ آصف سے ان کے بے نامی اداروں کے متعلق بھی روبرو بٹھا کر تفتیش ہو گی،جبکہ خواجہ آصف کے وکیل چودھری نجم الحسن ایڈووکیٹ نے کہا کہ خواجہ آصف نے جو کمایا اورپرانکم ٹیکس ادا کیا ہے، انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کا سب کچھ ڈیکلیئرڈ ہے اور ریکارڈ پر بھی موجود ہے۔

