اسلام آباد: پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں قتل ہونیوالے نوجوان اسامہ ستی کے والد ندیم یونس ستی نے آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار خان کے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسامہ ستی کے والد کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور چیف جسٹس سپریم کورٹ کے لیے ٹیسٹ کیس ہے،انسداد دہشتگردی کی دفعات لگنے پر کیس کا فیصلہ تین مہینوں میں کیا جائے۔
ندیم یونس نے مزید کہا کہ رات کے دو بجے ہمارے وطن کے محافظوں نے میرے معصوم بیٹے کو قتل کردیا،اسامہ کو گاڑی سے باہر نکال کر قتل کیا گیا اوراسامہ کے پاؤں پر لگنے والی گولی سے بھی یہی لگتا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ جس گن سے فائرنگ ہوئی وہ نہیں مل رہی ،مقدمہ درج ہونا کوئی بڑی بات نہیں اگر ایف آئی آر کمزور ہوگی تو لازمی بات ہے کہ ججز ملزمان کو چھوڑنے پر مجبور ہو جائیں گے ۔
مقتول کے والد کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے نیا پاکستان قبرستان میں دفن کردیا،وزیر اعظم صاحب اگر ان قاتلوں کو سزا نہ ہوئی تو میں قاتلوں کو معاف کردوں گا لیکن روز محشر وزیراعظم اور چیف جسٹس کا گریبان پکڑوں گا۔

