ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

گوا نائٹ کلب آتشزدگی معاملہ: لوتھرا برادران کو خود سپردگی کی ہدایت، سپریم کورٹ نے برقرار رکھا ہائی کورٹ کا فیصلہ

گوا کے ارپورا میں واقع ’برچ بائی رومیو لین‘ نائٹ کلب میں آتشزدگی کے معاملے میں سپریم کورٹ نے لوتھرا برادران کو 2 ہفتوں کے اندر خود سپردگی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ واضح رہے کہ دسمبر 2025 میں اس نائٹ کلب میں آگ لگنے کی وجہ سے 25 افراد کی موت ہو گئی تھی۔ سپریم کورٹ نے پیر کے روز بامبے ہائی کورٹ کے اس حکم کو برقرار رکھا، جس میں نائٹ کلب کے تینوں مالکان (سوربھ لوتھرا، گورو لوتھرا اور اجے گپتا) کی ضمانت منسوخ کر دی گئی تھی۔ ساتھ ہی جسٹس دیپانکر دتہ اور جسٹس شیل ناگو کی بنچ نے سوربھ لوتھرا، گورو لوتھرا اور اجے گپتا کی جانب سے دائر اپیل خارج کر دیں۔ عدالت نے تینوں کو 2 ہفتوں کے اندر متعلقہ حکام کے سامنے خود سپردگی کرنے کی ہدایت دی۔

اس معاملے میں سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ سے الزامات طے کرنے کے عمل میں تیزی لانے کی بھی اپیل کی ہے۔ گوا کے مپوسا کی ایڈیشنل سیشن عدالت نے پہلے تینوں کو ضمانت دے دی تھی۔ اجے گپتا کو 23 مارچ، جبکہ سوربھ اور گورو لوتھرا کو یکم اپریل کو ضمانت ملی تھی۔ گوا حکومت نے اس فیصلے کو بامبے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔ 19 اگست کو جسٹس نیلا گوکھلے نے ریاست کی اپیل منظور کرتے ہوئے تینوں کی ضمانت منسوخ کر دی تھی۔ اس کے بعد ملزمین نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا، لیکن پیر کے روز اعلیٰ عدالت نے ان کی اپیلیں خارج کر دیں۔

یہ معاملہ 6 دسمبر 2025 کی رات شمالی گوا کے ارپورا میں واقع نائٹ کلب آتشزدگی سے متعلق ہے۔ اس حادثے میں 25 افراد کی جان چلی گئی تھی۔ پولیس کی تفتیش میں الزام لگایا گیا کہ کلب کے پاس جائز حفاظتی منظوری نہیں تھی اور وہاں آگ بجھانے کے مناسب آلات بھی موجود نہیں تھے۔ پولیس کے مطابق ضروری حفاظتی اقدامات کے بغیر ایک انڈور فائر شو منعقد کیا گیا تھا، جس کے دوران آگ بھڑک اٹھی۔

یہ بھی پڑھیں :

تفتیش میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ ریستوراں جائز تجارتی لائسنس کے بغیر چلایا جا رہا تھا۔ آگ لگنے کے چند گھنٹے بعد سوربھ اور گورو لوتھرا کے تھائی لینڈ فرار ہونے کی بات سامنے آئی تھی۔ بعد میں دونوں کو تھائی لینڈ سے ڈیپورٹ کر دیا گیا اور گوا پولیس نے انہیں گرفتار کیا۔ ملزمین کے خلاف ’بھارتی نیائے سنہتا‘ (بی این ایس) کے تحت غیر ارادی قتل، انسانی زندگی کو خطرے میں ڈالنے والے اقدامات اور آگ سے متعلق لاپروائی سمیت کئی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ اس معاملے میں کلب کے دیگر شراکت داروں، مینیجر، ایونٹ منتظمین اور ملازمین کو بھی ملزم بنایا گیا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں