حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)مدرسہ ریاض العلوم ڈیتھا کے مہتمم مولانا عبدالقدوس احمدانی نے کہاہے کہ امت کے عروج کا واحد راستہ قرآن کی دعوت اور قرآن پاک کے احکامات پر عمل کرنے میں ہی مضمر ہے، قرآن مجید کے حقوق ادا نہ کرنے کا خمیازہ ہے کہ آج مسلمان دنیا کے تمام دائروں کے اندر پستی کا شکار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامک ایجوکیشن ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) کے زیر انتظام چلنے والے مدرسہ جامعہ اسلامیہ حیدرآباد میں مدرسہ تعلیم بالغان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے مزید کہاکہ قرآن پاک جہاں ہمارے لیے عروج کا راستہ ہے وہیں ہمارے لیے باعث اجر و ثواب اور نجات کا ذریعہ بھی ہے، اگر ہم قرآن مجید کو ٹھیک تلفظ اور مخارج کے ساتھ پڑھیں گے تو ہمیں ثواب ملے گا اور غلط پڑھنے پر ہم الٹا گناہ گار ٹھہریں گے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ تقریب میں شرکا کی جو ایک بڑی تعداد موجود ہے اس سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہاں کے لوگوں میں قرآن اور دینی علوم کی پیاس موجود ہے اور یہ پیاس بجھانے کا فریضہ مدرسہ جامعہ اسلامیہ انجام دے رہا ہے اور مدرسہ جامعہ اسلامیہ کی انتظامیہ کا یہ اقدام خوش آئند ہے کہ انہوں نے قرآن مجید کی دعوت اور دینی علم کو عام کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے اور معصوم بچوں اور نوعمر طلبا کے مدرسہ کے بعد دوسرا اہم شعبہ تعلیم بالغان بھی قائم کر دیا ہے جس پر مدرسہ کی انتظامیہ مبارک باد کی مستحق ہے۔اس موقع پر اسلامک ایجوکیشن ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری اصغر علی خان یوسف زئی نے اپنے خطاب میں کہاکہ نوجوانوں اور بڑی عمر کے کاروباری و ملازمت پیشہ افراد میں دینی تعلیم دینے کی اس اہم ضرورت کے پیش نظر اور اس کی اہمیت کو سمجھ کر مدرسہ تعلیم بالغان کا قیام عمل میں لاکر مفت کلاسز شروع کرکے دینی تعلیم کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم بالغان ایک ایسا سلسلہ ہے جس کی ضرورت قریہ قریہ ہے اور اس طرف لوگ متوجہ ہوں کیونکہ قرآن پاک کی دعوت عام کرنے کی ذمے داری پوری امت پر عائد ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مدرسہ جامعہ اسلامیہ میں حفظ و ناظرہ کی کلاسز کا سلسلہ بھی جاری ہے جہاں تجربہ کار حافظ اللہ ڈنو جمالی صبح سے شام تک بچوں کا دینی تعلیم سے روشناس کر رہے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ مستقبل میں اس مدرسہ کو درس نظامی کے ساتھ ایک مکمل مدرسہ بنائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ آج ہم جن مسائل و مصائب اور پریشانیوں کا شکار ہیں اگر امت چاہتی ہے کہ ہم ان مسائل سے نجات پائیں تو اس کا واحد حل یہی ہے کہ اپنا رشتہ اور تعلق قرآن مجید کے ساتھ مضبوط کریں کیونکہ قرآن اور دین پر عمل پیرا ہونے ہی میں ہماری نجات ہے۔اس موقع پر مدرسہ مظاہر العلوم کے مولانا محمد عظیم ، مدرسہ ہذا کے معلم مولانا حافظ اللہ ڈنو جمالی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
