حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی کونسل کے رکن اور مسلم لیگ (ن) حیدر آباد ڈویژن کے ترجمان جمال عارف سہروردی نے براڈ شیٹ کمپنی کو نواز شریف کیخلاف مقدمات ڈھونڈنے کے لیے 2 کروڑ 87 لاکھ ڈالر ادا کیے پھر بھی نااہلی کے لیے اقامہ اور سزا کے لیے ارشد ملک کا سہارا لینا پڑا اور ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کیس کی اصلیت سامنے آگئی۔ مسلم لیگ (ن) حیدر آباد ڈویژن کے جوائنٹ سیکرٹری عثمان قریشی کی قیادت میں 15 رکنی وفد سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لندن کی عدالت نے نواز شریف اور ان کے اہلخانہ کو سرخرو کردیا۔ ثالثی عدالت کے جج سرانتھونی ایونز کا فیصلہ تمام تر حقائق جاننے کے لیے پڑھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جج نے لکھا ہے کہ نواز شریف یا ان کے خاندان کے کسی بھی افراد کیخلاف کوئی چیز سامنے نہیں آئی، جج انتھونی ایونز کے یہ ریمارکس شریف خاندان کی بے گناہی کا واضح ثبوت ہیں۔
