جیکب آباد (نمائندہ جسارت) بلدیہ آفس جیکب آباد پر نیب کا چھاپا، عملے میں کھلبلی، سولر لائٹ اور فنڈ میں کرپشن کے متعلق تفتیش، پوچھ گچھ، شہر میں سولر لائٹ اور ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ، سولر لائٹ اور فنڈز میں کروڑوں روپے کی کرپشن پر نیب کی جاری تحقیقات کے سلسلے میں دوسری بار بلدیہ پر چھاپا۔ نیب سکھر کی تین رکنی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر عاصم رضا کی سربراہی میں بدھ کے روز اچانک بلدیہ جیکب آباد پر چھاپا مارا تو عملے میں کھلبلی مچ گئی، نیب ٹیم نے سولر لائٹ اور دیگر فنڈز میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے متعلق متعلقہ عملے سے تفتیش کی۔ بعد ازاں نیب ٹیم سی ایم او بلدیہ رفیق بلدیہ کے ہمراہ شہر میں سولر لائٹ اور ترقیاتی کاموں کا دورہ، جس میں خارانی گوٹھ، گڑھی سبایو اور وارڈ 13 شامل ہیں کا جائزہ لیا۔ معلوم ہوا ہے کہ سولر لائٹ دیے گئے معیار کے مطابق نہیں لگائی گئی، شہر کے کئی علاقے سولر لائٹ سے محروم ہیں، شہر میں ترقیاتی کام تو نہیں کرائے گئے البتہ جگہ جگہ افتتاحی تختیاں لگا کر خانہ پوری کی گئی ہے تاکہ نیب کو ریکارڈ مکمل دکھایا جاسکے۔ بلدیہ کے ترقیاتی فنڈز سمیت دیگر فنڈز، ٹھیکوں اور ہر ماہ ہونے والی آمدنی میں کرپشن کی بھی ذرائع کے مطابق نیب تحقیقات کررہی ہے۔ اس سلسلے میں نیب نے بلدیہ آفس پر دوسری مرتبہ چھاپا مارا ہے۔ اس سلسلے میں نیب سکھر کے ڈپٹی ڈائریکٹر عاصم رضا سے میڈیا نے معلوم کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے کچھ بھی بتانے سے انکارکرتے ہوئے کہا کہ تفتیش جاری ہے۔
