حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے حیدر آباد پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کو پریس کلب پہنچ کر مبارکباد دی اور اجرک پیش کی۔ اس موقع پر پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالجبار خان نے کہا کہ صحافت ایک بڑی قوت ہے جو عوام کے مسائل کو نہ صرف اُجاگر کرتی ہے بلکہ حکمرانوں کو بھی مجبور کرتی ہے کہ وہ عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہمیشہ مثبت صحافت کی قدر کی ہے اور ہم یہ سمجھتے ہیںکہ آزاد صحافت ہی جمہوریت کو مستحکم اور پائیدار بنا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج وفاقی حکومت کے رویئے اور ان کے طرز سیاست کے بعد صحافیوں پر بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوام کو ان حکمرانوں کا اصل چہرہ دکھائیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی جمہوریت کو مضبوط اور مستحکم کرنے کے علاوہ عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے عملی جدوجہد کررہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب عوام کے مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے حیدر آباد پریس کلب کے عہدیداروں صدر عبداللہ شیخ، جنرل سیکرٹری اقبال ملاح، نائب صدر ظفر ہکڑو، خازن تصور شاد، جوائنٹ سیکرٹری اشوک شرما سمیت گورننگ باڈی کے دیگر عہدیداروں کو مٹھائی اور اجرک کے تحفے پیش کیے اور انہیں ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔
