اسلام آبادلاہور(نمائندہ جسارت،خبر ایجنسیاں)مہنگائی تھم نہ سکی،بجلی مسلسل تیسرے روز مہنگی،گیس میٹرز کرائے میں بھی 100 فیصد اضافے کی منظوری۔تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے وفاقی حکومت کی درخواست پر بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ کردیا ، بجلی کی قیمت میں 1روپے 95پیسے فی یونٹ اضافے کے بعد فی یونٹ قیمت 14.38روپے سے بڑھ کر 16.33 روپے مقرر کردی گئی۔بتایا گیا ہے کہ نیپرا کی جانب سے بجلی مہنگی کیے جانے کے فیصلے کا اطلاق 50 یونٹ والے غریب صارفین پر بھی ہوگا جب کہ اس فیصلے سے صارفین پر 200 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا تاہم کے الیکٹرک کے صارفین پر فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ نیپرا نے بدھ کو بجلی کی قیمت 1 روپے 53 پیسے اور جمعرات کو 83 پیسے فی یونٹ مہنگی کی تھی تاہم وہ اضافہ فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں تھا۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سی پی پی اے جی کی جانب سے 1 روپے80 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی گئی تھی جس پر نیپرا نے27جنوری 2021 کو سماعت بھی کی جس کے بعد بجلی کی قیمتوں میں 1روپے 53 پیسے کا اضافہ کردیا تھا۔دریں اثناء وفاقی کابینہ نے ملک بھر میں سوئی ناردرن گیس کمپنی کے صارفین کے گیس میٹرز کے کرائے میں سو فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت سوئی ناردرن گیس کمپنی اپنے صارفین سے گیس میٹر کا کرایہ 20روپے کی بجائے 40روپے موصول کرے گا جس سے گیس صارفین پر کروڑوں روپے کا اضافی بوجھ ڈالا جائے گا۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پنجاب بھر میں سوئی گیس صارفین کی تعداد 68لاکھ ہے جن میں سے 11لاکھ74ہزار گیس صارفین کا تعلق لاہور سے ہے، گیس میٹر رینٹ میں اضافے کے بعد پنجاب کے شہریوں کو 27کروڑ روپے اضافی ادا کرنا پڑیں گے جبکہ لاہور کے گیس صارفین کو 2کروڑ 30لاکھ روپے اضافی ادا کرنا پڑیں گے ۔علاوہ ازیںملک میں مسلسل چوتھے ہفتے بھی مہنگائی میں اضافہ ریکاڈ کیا گیا۔ ایک ہفتے کے دوران شرح 0.81فیصد بڑھ گئی۔ادارہ شماریات کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 9.17 فیصد ہو گئی، ملک میں چینی اور آٹے کی قیمتوں میں دوبارہ اضافے کا سلسلہ شروع ہو گیا، ایک ہفتے میں چینی کی اوسط قیمت 3 روپے 37 پیسے فی کلو بڑھ گئی۔ چینی کی اوسط قیمت بڑھ کر 93 روپے 59 پیسے فی کلو ہوگئی۔ادارہ شماریات کے مطابق آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 23 روپے 88 پیسے مہنگا ہوگیا ، تھیلا 970 روپے 18 پیسے کا ہوگیا۔ ایک ہفتے میں مرغی 11 روپے 47 پیسے فی کلو مہنگی ہوگئی۔ انڈے فی درجن 6 روپے 80 پیسے مہنگے ہوئے۔ گھی کا ڈھائی کلو کا ڈبہ 9 روپے 75 پیسے مہنگا ہوا۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق کیلے فی درجن 3 روپے 93 پیسے مہنگے ہوگئے۔ دال چنا ایک روپے 96 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ حالیہ ہفتے دال ماش,دال مونگ، دال مسور،چاول بھی مہنگے ہوئے۔ ایک ہفتے میں 24 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 6 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ ٹماٹر 7 روپے 50 پیسے فی کلو سستے ہوئے۔ آلو ایک روپے 47 پیسے فی کلو سستے ہوئے۔ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 34 روپے 20 پیسے سستا ہوا۔ پیاز 64 پیسے فی کلو سستے ہوئے۔ گذشتہ ہفتے لہسن اور گڑ بھی سستا ہوا۔ ایک ہفتے میں21اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

