تحریک لبیک پاکستان کا اسلام آباد کی جانب شروع ہونے والا مارچ ایم اے او کالج تک پہنچا تو تصادم شروع ہو گیا، مظاہرین نے رکاوٹیں ہٹائیں تو پولیس نے شیلنگ شروع کر دی۔
لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا ہے۔ مختلف مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جن کے پاس ربڑ بلٹس، سپرے، آنسو گیس اور واٹر کینن بھی موجود ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی شرکا کو شہر سے باہر نہیں جانے دیا جائے گا۔
ہاتھوں میں ڈنڈے تھامے کالعدم تحریک لبیک کے کارکنوں نے اسلام آباد کی جانب مارچ شروع کردیا۔https://t.co/JTvwtyhVi7 pic.twitter.com/sjgJkQG2dW
— NayaDaur Urdu (@nayadaurpk_urdu) October 22, 2021
لاہور پولیس کے سربراہ غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ شہر کا امن و امان کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔
صورتحال کے پیش نظر میٹرو بس سروس کا روٹ مختصر جبکہ اورنج لائن میٹرو ٹرین بھی بند کر دی گئی ہے۔ سمن آباد موڑ، گرڈ سٹیشن سٹاپ، دبئی چوک کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ اہم شاہراہیں بند ہونے سے مقامی رہائشیوں اور شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دھرنے سے نمٹنے کیلئے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس کو بھی بند رکھا گیا ہے۔
لاہور میں کالعدم تحریک لبیک کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان میچ پڑگیا۔
مظاہرین کی جانب سے آگے بڑھنے کی کوشش، پولیس کی شیلنگ pic.twitter.com/VE7lw0mBXi
— NayaDaur Urdu (@nayadaurpk_urdu) October 22, 2021
ایک اندازے کے مطابق ملتان روڈ کے اطراف میں تقریباً 20 لاکھ شہری آباد ہیں لیکن منگل سے جاری دھرنے کے باعث یہ آبادی گھروں میں محصور ہو کر رہ گئی ہے۔
خیال رہے کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی کو 12 اپریل کو اس وقت حراست میں لے لیا گیا تھا جب وہ ایک جنازے میں شرکت کے بعد واپس گھر جا رہے تھے۔
کالعدم تحریک لبیک کا اسلام آباد کی جانب شروع ہونے والا مارچ ایم اے او کالج تک پہنچ گیا ہے۔
ایم اے او کالج چوک پر پولیس اور بھاری نفری موجود۔ pic.twitter.com/aub0XGarmK
— NayaDaur Urdu (@nayadaurpk_urdu) October 22, 2021
سعد رضوی کی کی گرفتاری فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کیلئے ممکنہ احتجاج کو روکنے کیلئے عمل میں لائی گئی تھی۔ ٹی ایل پی کا مطالبہ ہے کہ توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پر غیر ملکی سفیر کو پاکستان سے نکالا جائے۔
اس کے بعد ٹی ایل پی سربراہ سعد رضوی کو دو بار نظر بند کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ ان کی رہائی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا جس پر عدالت عالیہ نے یکم اکتوبر کو ان کو رہا کرنے کا حکم دیا لیکن ابھی تک اس پر عمل نہیں کیا گیا۔
ٹی ایل پی قائدین نے پنجاب حکومت کو الٹی میٹم دیا تھا کہ اگر سعد رضوی کو 21 اکتوبر کی شام تک رہا نہ کیا گیا تو جمعے کو اسلام آباد کی جانب مارچ شروع کر دیا جائے گا۔
