اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہنر مند گریجویٹس کی مارکیٹ کی طلب پورا کرنے کیلئے جامعات میں داخلوں کی شرح بڑھانا ہو گی ۔ صدر عارف علوی کی زیرصدارت وفاقی چارٹرڈ یونیورسٹیوں ، ڈگری دینے والے اداروں کے وائس چانسلرز، ریکٹرز کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ شفقت محمود نے شرکت کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ آئی ٹی ، انجینئرنگ کے شعبوں میں داخلوں کی شرح بڑھانے کیلئے کوششیں تیز کرنا ہوں گی ۔ دیگر علاقائی ممالک پاکستان کی نسبت گریجویٹس کی بہت زیادہ تعداد پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا جامعات بیچلرز اور ماسٹرز گریجویٹس کی تعداد بڑھانے کیلئے آن لائن اور فاصلاتی تعلیم کے فروغ پر توجہ دیں ۔ برسرِ روزگار گریجوایٹس کی شرح بڑھانے کے لیے جامعات طلباء کو مارکیٹ ضروریات کے مطابق ہنر دیں۔ انہوں نے کہا جامعات اور انڈسٹری کے مابین روابط فروغ دے کر طلباء کو روزگار کے قابل بنائیں۔ بہتر ڈیزائن کردہ آن لائن کورسز، تعلیمی مواد کی تدریس ، امتحانی نظام کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا ورچوئل تعلیم کا معیار بہتر بنانے کے لیے ٹھوس کوششیں کرنا ہوں گی۔ اس موقع پر ، شفقت محمود نے کہا مہارت پر مبنی تعلیم اور فیکلٹی کی تربیت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا لیبز اور متعلقہ تعلیمی سہولیات میں سرمایہ کاری کرکے معیاری گریجویٹس تیار کیے جاسکتے ہیں۔ اجلاس میں ایچ ای سی کی آن لائن اور فاصلاتی تعلیمی پالیسی ، یونیورسٹیوں کی درجہ بندی کے معیار پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں بی ایس اور ایم ایس گریجویٹس کی تعداد بڑھانے کے لیے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ 2 سالہ ایسوسی ایٹ ڈگریاں متعارف کرانے ، اعلیٰ تعلیمی معیار بہتر بنانے سے متعلق تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ آن لائن تعلیم دینے کیلئے شرکاء نے فیکلٹی کی تربیت ، تحقیقی سہولیات میں بہتری کی ضرورت پر زور دیا ۔

