English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حبس بے جا کیس،ملزم کے پیش نہ کرنے پر چیف جسٹس برہم ،وزیراعظم کو طلب کرنیکا انتباہ

القمر

اسلام آباد (آن لائن)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد ملزم کو پیش نہ کرنے پر برہم ہوگئے اور وزیراعظم کو طلب کرنے کا انتباہ کردیا۔ پیر کو عدالت عظمیٰ میں ملزم عارف گل کو حبس بیجا میں رکھنے کے کیس کی سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے کی ۔ سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس گلزار احمد نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا عارف گل کو لے کر آئے ہیں جس پر  ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ عارف گل حراستی مرکز میںہے،عدالت لانا مشکل ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے جواب پر چیف جسٹس برہم ہوگئے اور کہا کہ کیا عارف گل کو پیش کرنے سے عدالت عظمیٰ کی عمارت اُڑ جائے گی، ملزم کو پیش نہیں کرنا تو عدالت عظمیٰ کو تالا لگا دیتے ہیں، عارف گل کو آج ہی پیش کریں،عدالت کے پاس ڈیفنس کی مشینری کو بھی بلانے کا اختیار ہے، عارف گل کو پیش نہ کیا تو وزیراعظم کو بلائیں گے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ عارف گل کی شہریت کا معاملہ2019 ء سے اب تک حل کیوں نہیں ہوا؟2019 ء سے اب تک معاملہ پر انکوائری چل رہی ہے،سرکاری  دفاتر میں کرپشن ہے تو عدالت کیا کرے۔ دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوانے عدالت کو بتایا کہ عارف گل نے افغان بارڈر ایریا کے قریب فوجی کیمپ پر حملہ کیا تھا ،حراستی مرکز میں عارف گل کی کونسلنگ،ووکیشنل ٹریننگ مکمل ہو چکی ہے۔ اس دوران جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ فاٹا ان سیٹل ایریا ہے،جس قانون کے تحت عارف گل کو حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے کیا وہ قانون اب قانونی ہے،فاٹا پاٹا کا علاقہ اب کے پی کے میں شامل ہوچکا ہے۔اس موقع پرایڈیشنل اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے نے عارف گل کو پیش کرنے کے لیے عدالت سے مہلت دینے کی  استدعا کی۔ عدالت نے دونوں کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم عارف گل کوآج منگل کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے