English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سرحد پر باڑ کا معاملہ سفارتی سطح پر حل کرینگے،شاہ محمود ،باڑ کی ضرورت نہیں،طالبان

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاک افغان سرحد پر باڑ اکھاڑنے اور معاملے کو اچھالنے کا ذمے دار کچھ شرپسند عناصر کو قرار دیتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ باڑ لگانے کے حوالے سے کچھ الجھنیں ہیں لیکن اس معاملے پر افغان حکومت سے بات کی جا رہی ہے۔وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ پچھلے کچھ دنوں میں اس طرح کے واقعات ہوئے ہیں اور ہم نے اس معاملے کو افغان حکومت کے ساتھ سفارتی سطح پر اٹھایا ہے۔یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر ویڈیوز زیر گردش ہیں جس میں طالبان کو پاک افغان سرحد پر لگائی گئی باڑ کے ایک حصے کو اکھاڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کچھ شرپسند عناصر اس مسئلے کو غیر ضروری طور پر اچھال رہے ہیں لیکن ہم اس پر غور کر رہے ہیں اور افغان حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں، امید ہے ہم اس مسئلے کو سفارتی طور پر حل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دوران پریس کانفرنس کہا کہ پاکستان کے نزدیک سارک اجلاس ایک اہم فورم ہے اور ہم 19واں سارک اجلاس کے انعقاد پر پْرعزم ہیں اور اگر بھارت کو اجلاس میں شرکت پر کوئی مسئلہ ہے تو وہ ویڈیو لنک کے ذریعے اپنی شرکت کو یقینی بنا سکتے ہیں۔وزیر خارجہ نے آئندہ سربراہی اجلاس کے لیے تمام اراکینکو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت، اسلام آباد میں ہونے والی سربراہی کانفرنس میں شرکت نہیں کر سکتا تو کم از کم وہ دوسرے اراکین کو روکنے سے گریز کرے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے سارک اپنی حقیقی صلاحیت کا ادراک کرنے میں ناکام رہا۔دوسری جانب افغان طالبان نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے سرحد پر باڑ لگانے کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ ڈیورنڈ لائن کا مسئلہ ابھی حل نہیں ہوا۔ اپنے یوٹیوب چینل پر بیان میں طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ڈیورنڈ لائن کا مسئلہ ابھی تک حل طلب ہے، باڑ لگانے سے قوموں میں دراڑ پڑتی ہے اور یہ قوم کو تقسیم کرنے کے مترادف ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ ابھی تک حل نہیں ہوا تھا اس لیے باڑ لگانے کی ضرورت نہیں تھی، یہ ہمارے دور میں نہیں لگائی گئی لیکن بدقسمتی سے اسے نصب کیا گیا حالانکہ اس کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ذبیح اللہ نے کہا کہ سرحد کے دونوں طرف رہنے والے لوگ آپس میں رشتہ دار اور اچھے دوست ہیں اور باڑ لگا کر دو بھائیوں کے درمیان رکاوٹیں کھڑی نہیں کرنی چاہییں۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیورنڈ لائن نے دونوں طرف ایک قوم کو تقسیم کر دیا ہے لیکن ہم ایسا بالکل نہیں چاہتے، ہم مسئلے کا منطقی حل چاہتے ہیں۔دریں اثنا افغان وزارت دفاع کے ترجمان عنایت اللہ خوارزمی نے میڈیا کو بتایا کہ سرحد کے دونوں طرف ایک ہی قوم رہتی ہے اور ایک قوم کے درمیان خلیج پیدا کرنا منطقی طور پر مناسب نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے