English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ابوظہبی میں ڈرون حملے ،پاکستانی سمیت 3 افراد جاں بحق

القمر

ابو ظبی(خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں آگ لگنے کے2 واقعات میںپاکستانی سمیت 3 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے ۔یمن کے حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ڈرون کے ذریعے حملے کیے جس سے یہ تباہی ہوئی۔اماراتی پولیس کے مطابق ابوظبی میں مصفح کے علاقے میں 3 فیول ٹینکرز میں آگ لگی جبکہ ابوظبی انٹرنیشنل ائرپورٹ کے نئے تعمیراتی ایریا میں بھی ایک مقام پر آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ڈرونز کی وجہ سے ان دونوں مقامات پر آگ لگی۔ اماراتی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ مصفح کے مقام پر 3فیول ٹینکر پھٹنے سے اموات ہوئیں اور6 زخمی ہوئے ہیں جبکہ ائرپورٹ کنسٹرکشن ایریا میں لگنے والی آگ میں کوئی نقصان سامنے نہیں آیا۔اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد میں 2 بھارتی شہری بھی شامل ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔دوسری جانب یمن کے حوثی باغیوں نے ابوظبی میں ڈرون حملوں کا دعویٰ کیا ہے جب کہچند روز قبل ہی سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں متحدہ عرب امارات کو نشانہ بنانے کی دھمکی بھی دی گئی تھی۔حوثی ملیشیا کے ترجمان کے مطابق امارات کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے اور جلد حملوں کے حوالے سے مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔یہ واقع ایسے وقت ہوا ہے جب جنوبی کوریا کے صدر مون جائے اِن کی دبئی کے ولی عہد سے ملاقات طے تھی لیکن غیر معمولی حالات کی وجہ سے اس ملاقات کو ملتوی کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ یمن میں خانہ جنگی کا آغاز 2014ء میں اس وقت ہوا جب حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعاء پر قبضہ کرنے کا اعلان کیا۔حوثی باغیوں کی جانب سے حکومت کا تختہ الٹنے کو جواز بنا کر سعودی عرب نے یمن میں فضائی کارروائیاں شروع کردیں۔ سعودی قیادت میں متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک بھی یمن کے خلاف بننے والے عسکری اتحاد میں شامل ہیں۔یمن میں ہونے والی خانہ جنگی میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور اس تنازع کی وجہ سے لاکھوں افراد قحط سالی شکار ہو رہے ہیں۔اقوام متحدہ نے اس تنازع کو دنیا کا بدترین انسانی المیہ قرار دیا ہے کیونکہ یمن میں لاکھوں افراد خوراک اور طبی سہولیات کی کمی کا شکار ہیں اور یہ لڑائی ملک کو قحط کے دہانے پر لے آئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے