اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ یہ سیاسی میدان ہے‘ بار، بار ایسے مراحل سے گزرے ہیں‘ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے‘ عمران خان کے ہوش اڑچکے ہیں‘ پتا نہیں کہاں پلا بڑھا ہے‘ اس سے نجات کے دن آگئے ہیں‘ عمران خان سن لو ہم تمہیں جام کرنا جانتے ہیں‘ ہم نے شرافت کا راستہ اپنایا ہے‘تم گالیاں دیتے ہو، آپ کی زبان بتا رہی ہے ‘وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھنے کے اہل نہیں۔ جمعے کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہونے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے کہنا چاہتا ہوں جب تحریک عدم اعتماد پیش ہوچکی تو کس طرح وہ تقریریں کر رہا ہے‘ یہ کس طرح ڈی چوک میں جانے کی بات کر رہا ہے‘ اس کو لگام دی جائے‘ کنٹینر پر بڑی آئیڈل باتیں کرتا تھا اب بات نہیں بنے گی‘ تم آزمائے جاچکے ہو‘ تحریک عدم اعتماد میں ممبران کی اکثریت کا معاملہ ہے‘ ہمارا دعویٰ ہے کہ ہمارے پاس اکثریت موجود ہے۔ پوری دنیا میں عدم اعتماد تحریک آتی ہیں، عمران خان حواس باختہ کیوں ہوگئے ہو‘ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی‘ اگر کامیاب نہیں ہوتی تو پھر معاملات سڑکوں کی طرف جائیں گے۔ صحافی کی طرف سے مولانا فضل الرحمن سے سوال پوچھا گیا کہ کیا آپ نے جنرل باجوہ سے ڈیزل کا ذکر کرنے کی شکایت کی تھی اس پر جواب دیتے ہوئے پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ میں نے آرمی چیف کو کوئی شکایت نہیں کی نہ ایسی کوئی بات کی‘ اگر ہم نے پرمٹ لیے ہیں توکوئی کیس سامنے لائو، جب کوئی مقدمہ سامنے نہیں لاسکتے توگالیاں دینا بند کرو۔
