کراچی(اسٹاف رپورٹر) پی اے ایف یاٹ کلب، کراچی میں منعقد ہونے والی تیسری چیف آف دی ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اوپن سیلنگ چمپئن شپ میں پاکستانی سیلرز نے برتری حاصل کرلی۔ چمپئن شپ 17 تا 20 مارچ، 2022 تک کھیلی گئی جس میں بشمول پاکستان11 ممالک کے 97 سیلرز اور آفیشلز نے حصہ لیا۔ ان مقابلوں کا انعقاد پی اے ایف یاٹ کلب میں کیا گیا جس کا شمار یاٹنگ کے پْرجوش کھیل کو فروغ دینے والے ملک کے نامور اداروں میں ہوتا ہے۔ کلب پاکستان سیلنگ فیڈریشن کے تعاون سے ماضی میں بھی قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کا باقاعدہ انعقاد کرتا رہا ہے۔پاک فضائیہ کے ائیر وائس مارشل شمس الحق، مشیر انجینئرنگ ، چیف آف ائیر اسٹاف اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی اے ایف یاٹ کلب کے چیئرمین ایئر وائس مارشل زبیر حسن خان نے کہا کہ اس چمپیئن شپ کا بے عیب انعقاد پی اے ایف کے قومی اور بین الاقوامی سطح پر صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کے عزم کا مظہر ہے۔مہمان خصوصی ائیر وائس مارشل شمس الحق نے کہا کہ تیسری سی اے ایس اوپن سیلنگ چمپیئن شپ 2022 کی اختتامی تقریب میں شرکت کرنا میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ مجھے اس شاندار ایونٹ کی میزبانی کے لیے پی اے ایف یاٹ کلب کی جانب سے کیے گئے شاندار انتظامات دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔
