کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے آئین کی پاسداری کا حلف اٹھایا ہے‘ نیازی کی وفاداری کا نہیں‘ آئین کی خلاف ورزی پر اسپیکر کے خلاف آرٹیکل6 کے تحت کارروائی ہو سکتی ہے۔ اتوار کو تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے جاری اپنے بیان میں سعید غنی نے کہا کہ آئین اور رولز کے تحت اسپیکر 14 روز میں اسمبلی اجلاس بلانے کا پابند ہے‘ تحریک عدم اعتماد پر28 مارچ تک ووٹنگ نہ ہونا آئین کی سنگین خلاف ورزی ہوگی‘ اسپیکر7 روز میں عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ کرانے کا پابند ہے‘ عمران نیازی اسمبلی میں اکثریت کھونے کے بعد وزیر اعظم کے عہدے پر چمٹا ہوا ہے۔ اسپیکر کا منصب غیر جانب دار ہوتا ہے مگر شاید اسد قیصر بھی نیوٹرل ہونے کو جانور ہونا سمجھتے ہیں ‘ اسپیکر قومی اسمبلی اپنے جانبدارانہ رویے سے تنظیم تعاون اسلامی کے اجلاس کو بھی متنازع بنا رہے ہیں جو افسوس ناک عمل ہے۔
