آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں 30 جون سے جاری موسلا دھار بارشوں اور سیلابی ریلوں کی وجہ سے 50 ہزار افراد کو شہر سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حالیہ چند دنوں سے جاری بارشوں کی وجہ سے سڈنی میں بیراجوں اور نہروں میں طغیانی آ گئی اور شہر کا ایک بڑا حصہ زیرِ آب آ گیا ہے۔
صوبہ نیو ساوتھ ویلز کے تقریباً 23 رہائشی علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا اور سیلاب زدگان کے لئے وفاقی امداد کے آغاز کا اعلان کیا گیا ہے۔
صوبے کے وزیر اعلیٰ ڈومینیک پیروٹیٹ نے صوبے بھر میں نئے سیلابی ریلوں کی وارننگ دی اور عوام سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔
پیروٹیٹ نے کہا ہے کہ سڈنی سے 32 ہزار افراد کے انخلاء کا حکم جاری کیا گیا تھا جسے بڑھا کر 50 ہزار افراد کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ امدادی ٹیمیں رات بھر کام کرتی رہیں اور شہر بھر میں گاڑیوں اور گھروں میں محصور رہ جانے والے 100 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 3 جولائی کو ، طوفانی بارشوں اور سیلاب کے خطرے کے پیش نظر ، سڈنی سے ہزاروں رہائشیوں کے انخلاء کا حکم جاری کیا گیا اور شہریوں سے، اشد ضرورت نہ ہونے کی صورت میں، سفر سے پرہیز کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔
