English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وزٹ ویزا کا غلط استعمال، امارات سے پاکستانی ڈی پورٹ ہونا شروع

القمر

کراچی: متحدہ عرب امارات نے وزٹ ویزا کی آڑ میں ملازمت کے لیے آنے والے پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کرنا شروع کردیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاکستانی شہری وزٹ ویزا کے نام پر متحدہ عرب امارات جارہے ہیں جہاں وہ وزٹ ویزا کا غلط استعمال کرتے ہوئے  ملازمت کے لیے کوششیں کررہے ہیں جس پر یو اے حکام سخت نوٹس لیتے ہوئے وزٹ ویزا پر آنے والوں کو واپس وطن بھیج رہے ہیں۔

اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین کی جانب سے وزیر سمندر پار پاکستانی ساجد حسین طوری کو ایک خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستانیوں کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے وزٹ ویزا کا غلط استعمال کیا جارہا ہے۔ وزٹ ویزا کے غلط استعمال کی وجہ سے یو اے ای نے پاکستان کے لیے امیگریشن پالیسی سخت کردی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے 20 شہروں سے جاری ہونے والے پاسپورٹس پر یو اے ای کی جانب سے ویزا جاری نہیں کیا جارہا ۔ پاکستانیوں  کے لیے وزٹ ویزا کی شرائط میں 6 ماہ کی بینک اسٹیٹمنٹ اور 5 ہزار درہم کی شرط عائد کردی گئی ہے۔ جعلی ایجنٹس سادہ لوح افراد کو لاکھوں روپے میں وزٹ ویزا پر یو اے ای بھیج رہے ہیں۔

خط میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ جعلی ایجنٹوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے کیونکہ وزٹ ویزا پر متحدہ عرب امارات جانے والے افراد کو متعلقہ دستاویزات نہ ہونے کی وجہ سے روزگار نہیں ملتا اور وہ بھیک مانگنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ جعل ساز ایجنٹس کی وجہ سے رجسٹرڈ اور قانونی کام کرنے والے پروموٹرز بدنام ہورہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے