کراچی:الخدمت کراچی کی جانب سے سندھ وبلوچستان کے متاثرین سیلاب مزید درجنوں ٹرک امدادی سامان بھجواد دیا گیا،جبکہ سیلاب متاثرین سے یکجہتی اور ان کی امداد کیلئے مرکزی ریلیف کیمپ میں بڑی تعداد اور مقدار میں امدادی سامان کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
الخدمت نے گڈاپ الخدمت خیمہ مدرسہ قائم کیا ہے، جہاں سیلاب سے متاثرہ بچوں کو دینی تعلیم دینے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ۔
مختلف تنظیموں اوراداروں کی جانب سے الخدمت کے کام کو نہ صرف سراہا جا رہا ہے بلکہ امدادی سامان بھی فراہم کیا جا رہا ہے ۔ان اداروں کے سربراہان ونمائندگان بھی الخدمت ریلیف مرکز کا دورہ کر رہے ہیں ۔
گزشتہ روز ڈان بریڈ،چیٹوزولیز بنانے والی کمپنیوں کے نمائندوں نے ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اور الخدمت کو سیلاب متاثرین کیلئے اپنی پروڈکٹ فراہم کیں ۔
الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے صدر ڈاکٹر تبسم جعفری ،جماعت اسلامی کیے دیرینہ رکن لیاقت عبداللہ نے ریلیف مرکز کادورہ کیا ۔آل پاکستان میمن فیڈریشن کا وفد چیئر مین حنیف موٹلا نی کی قیادت میں جبکہ گونگے بہرے لوگوں کے وفد ، معروف ٹی وی اینکر انیق احمد ،فرحانہ اویس بھی الخدمت کے ریلیف مرکز کا دورہ کیا اور وہاں جاری کاموں کو دیکھا ۔
اس موقع پر چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشدقریشی ودیگر ذمہ داران موجود تھے۔ الخدمت کے ذمہ داران نے ان وفود کا خیر مقدم کیا ۔
اس موقع پر وفود نے بڑے پیمانے پر جاری ریلیف کی سرگرمیاں دیکھیں اور رضاکاروں سے بھی گفتگو کی ۔ وفود کو الخدمت کی جانب سے اب تک کی گئی امدادی سرگرمیوں سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا ۔
تمام وفود نے الخدمت کے کاموں کو سراہا ۔انیق احمد نے کہا کہ اہل کراچی کا جذبہ قابل قدر ہے،لوگوں جس جذبہ سے سیلاب متاثرین کی مدد کر رہے ہیں وہ قابل قدر ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اہل خیر الخدمت کا ساتھ دیں ،حنیف موٹلانی نے کہا الخدمت سیلاب متاثرین کیلئے ملک بھر میں نمایاں کام کر رہی ہے ۔لوگوں کے تعاون سے یہاں بڑے پیمانے پر سیلاب متاثرین کی مد د کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں سیلاب متاثرین کھلے آسمان تلے ہیں ،این جی اوز اپنے حصے کا کردار ادا کر رہی ہیں ۔سب کا جذبہ ایک ہے کہ کسی طرح متاثرین کی زندگیوں کو بحالی کی جانب لایا جا سکے۔
کونگے بہرے لوگوں نے الخدمت کے کاموں کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ الخدمت کے مرکزی کیمپ میں بڑی تعداد میں والنٹیز ز شہر بھر سے آنے والے سامان کو الگ الگ کر کے ان کی پیکنگ کر نے اورانہیں سندھ وبلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھجوانے میں مصروف ہیں ۔
