English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

الخدمت فاؤنڈیشن اور پیما کے تحت سیلاب متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس

القمر

 کراچی:الخدمت فائونڈیشن اور پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کا سندھ ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس کے انعقاد جاری ہے۔

 الخدمت فائونڈیشن کا پیما کے اشتراک سے سیلاب زدہ علاقوں میں نئی طبی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بھیجی گئی ہیں جن میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف شامل ہے۔سندھ میں بھیجی گئی ٹیموں میں خواتین ڈاکرز بھی شامل ہیں جنہوں نے لاڑکانہ، سکرنڈ، ٹھٹہ ، بدین ، نواب شاہ میں الخدمت کے لگائے کے میڈیکل کیمپس میں خواتین اور بچوں کا طبی معائنہ کیا اور مفت دوائیں تقسیم کیں۔

پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کراچی کے صدر ڈاکٹر عبداللہ متقی کے مطابق ان کیمپوں میں 700 سے زائد مردو خواتین اور بچوں کا طبی معائنہ کیا گیا ، اس وقت ان علاقوں میں سینے کا انفیکشن، پیٹ اور جلدی امراض پھیل رہے ہیں۔

خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد غذائیت اور خون کی کمی کی بیماری کا شکار ہے۔انہوں نے بتایا کہ ماہرین امراض نسواں بھی ان کی ٹیموں کا حصہ تھیں اور متاثرہ علاقوں میں حاملہ خواتین کا بھی طبی معائنہ کیا گیا اور انہیں  فولک ایسڈ سمیت آئرن کی گولیاں اور خون کی کمی کو پورا کرنے والی دوائیں دی گئی ہیں۔

ان علاقوں میں حاملہ خواتین کو زیادہ مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ انہیں زچگی کے مسائل درپیچ ہیں، صحت کی زیادہ تر سہولیات ختم ہو چکی ہیں۔ سب سے برا مسئلہ ان کی دیکھ بھال اور مناسب غذا کا ہے۔سروسز اسپتال لاہور کے سینئر رجسٹرار ڈاکٹر محمد انجم نسیم اور میو اسپتال لاہور ڈاکٹر انجم نذیر  کی سربراہی میں الخدمت فائونڈیشن کے میڈیکل کیمپس  جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں تونسہ، ڈی جی خان ، فاضل پور،  روجھان اور راجن پور منعقد کیے۔

طبی ماہرین کے مطابق جنوبی پنجاب میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد غذائیت کی کمی اور خون کی بیماری اینیمیا کا شکار ہے۔ ڈاکٹر انجم نسیم کے مطابق تونسہ اور ڈی آئی خان میں اس وقت 60 سے 70 فیصد بچوں کی جلد پر مسلسل آلودہ پانی میں رہنے کی وجہ سے ریشز پڑ چکے ہیں، جن میں اب زخم بنتے جا رہے ہیں، ان علاقوں میں جلدی بیماری اسکیبیز پھیل رہی ہے، بچوں اور خواتین کی ایک بہت بڑی تعداد آلودہ پانی پینے کی وجہ سے اسہال یعنی ڈائریا کا شکار ہوچکی ہے اور گیسٹروانٹرائٹس بھی بہت زیادہ دیکھا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے