English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ہمارے پاس سب سے محفوظ جوہری کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم ہے،عمران خان کا جوبائیڈن کو جواب

القمر

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں سے متعلق بیان پر امریکی صدر جو بائیڈن کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا جوہری کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام سب سے محفوظ ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا کہ امریکا کے صدر کس معلومات پر ہماری جوہری صلاحیت کے بارے میں اس غیر ضروری نتیجے پر پہنچے ہیں جب کہ وزیر اعظم کے عہدے پر فائز رہنے کے بعد میں جانتا ہوں کہ ہمارے پاس سب سے محفوظ جوہری کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم ہے؟

سربراہ پی ٹی آئی عمران خان نے امریکی صدر کے بیان پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ امریکا جو دنیا میں جنگوں میں ملوث رہا ہے، بتائے پاکستان نےنیوکلیئرائزیشن کے بعد کب جارحیت کا مظاہرہ کیا؟ بائیڈن بتائیں کس معلومات کی بنیاد پر ہماری جوہری صلاحیت سے متعلق غیرضروری نتیجہ اخذ کیا۔

سابق وزیر اعظم نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بائیڈن کا یہ بیان حکومت کی خارجہ پالیسی کی مکمل ناکامی اور اس کے ”امریکا کے ساتھ تعلقات کی بحالی“ کے دعوؤں کی حقیقت کو ظاہر کرتا ہے؟ کیا یہ ”بحالی“ ہے؟ موجودہ حکومت نے نااہلی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ میری سب سے بڑی پریشانی یہ ہے کہ موجودہ حکومت ہمیں معاشی تباہی کی طرف لے جانے اور اپنے لیے این آر او 2 (NRO2) کے ذریعے مجرموں کو ملک کو لوٹنے کا لائسنس دینے کے ساتھ ساتھ ہماری قومی سلامتی سے بھی مکمل طور پر سمجھوتہ کر لے گی۔

اس سے قبل ڈیموکریٹک کانگریشنل کمپین کمیٹی سے خطاب میں روس اور چین کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی صدر نے الزام لگایا کہ پاکستان خطرناک ترین ممالک میں سے ایک ہے اور پاکستان کا ایٹمی پروگرام بے قاعدہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے