انقرہ: جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ کشمیر ی امت مسلمہ کا حصہ ہیں اسلامی ممالک کے حکمران عوام اور اسلامی تحریکیں کشمیرکی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
ڈاکٹر خالد محمود نے کہاکہ ترکیہ کی حکومت اور عوام نے ہمیشہ کشمیریوں کی ترجمانی اور پشتیبانی کی ہے ،اسلامی تحریکیں اپنی ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے مظلوم کشمیریوں کی آواز کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھائیں ،کشمیری 90سال سے میدان کارزار میں ہیں نریندرمودی مقبوضہ جموں وکشمیر میں مظالم کی انتہا کررہا ہے۔
انہوں نےکہاکہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی شدید خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کیا ہواہے۔
ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ امت ترکی کے عوام اور قیادت سے توقع رکھتی ہے کہ وہ اپنے شاندار ماضی کے تناظر میں امت کی امامت اور راہنمائی کریں گے انہوں نے کہاکہ او آئی سی اور اسلامی ممالک اسلامی تحریکیں مظلوم کشمیریوں کی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کریں نریندرمودی کشمیریوں کو مسلمان ہونے کی سزاد ے رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ امت مسلمہ اور اسلامی تحریکوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر یوں کو مظالم سے نجات دلانے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دلانے کے لیے آواز بلند کریں کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے پیدائشی اور بنیادی حق حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں ۔
