English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مہنگائی میں مسلسل اضافہ،21 اشیائے ضروریہ کی قیمت مزید بڑھ گئی

القمر

اسلام آباد: ملک میں حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں رواں ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں 0.21 فی صد کا اضافہ ہوگیا جب کہ سالانہ بنیاد پر ملک میں مہنگائی کی شرح 39.26 فی صد ریکارڈ ہوئی ہے۔ ملک میں حالیہ ہفتے کے دوران بھی  21 اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہو گئیں۔

ملک میں رواں ہفتے ہونے والی مہنگائی کے تناظر میں سرکاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ 21اشیائے ضروریہ مہنگی ،10سستی ہوئیں۔ 20 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

حالیہ ہفتے میں آلو،پیاز،چکن ،ٹماٹر، لہسن،دال ماش، چینی،واشنگ سوپ ،بیف،مٹن،کھلا دودھ،دہی،گڑ،چائے کی پتی اور چاول سمیت بنیادی ضروریات زندگی کی 21 اشیا مہنگی ہوگئیں جب کہ ایل پی جی،دال مونگ،دال مسور،دال چنا،آٹا،انڈے اور کوکنگ آئل سمیت 10 اشیا کی قیمتوں میں کمی آئی اور20اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمتوں میں 29.15فیصد،پیاز20.85فیصد،چکن7.01 فیصد،چائے 1.38فیصد،آلو1.74فیصد، لہسن کی قیمتوں میں1.02 فیصد اضافہ ہوا۔ ایل پی جی کی قیمتوں میں6.60 فیصد،آٹے کی قیمتوں میں2.02فیصد،انڈے کی قیمتوں میں3.41فیصد،ویجی ٹیبل گھی کی قیمتوں میں0.33فیصد،دال مونگ کی قیمتوں میں2.22فیصد،دال چنا کی قیمتوں میں0.65فیصد اور سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں2.16 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریے کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں38.24فیصد، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں41.06فیصد اضافہ ہوا ہے۔

22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں40.20فیصد، 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 39.27فیصد رہی۔ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 39.32فیصدرہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے