ویب ڈیسک —
پولیس نے بدھ کے روز ایک افسر کی ویڈیو فوٹیج جاری کی جس میں ایک نیو نازی بندوق بردار کو ہلاک کیا گیا، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر کی جانے والی فائرنگ ختم ہوگئی جس میں ڈیلاس کے علاقے کے ایک شاپنگ مال میں آٹھ افراد ہلاک اور سات دیگر زخمی ہوئے۔
ساڑھے پانچ منٹ کی ویڈیو میں 33 سالہ بندوق بردار ماریشیو گارسیا کے آخری لمحات کی تفصیلات دکھائی گئی ہیں جب اس نے 6 مئی کو ایلن پریمیم آؤٹ لیٹس پر اے آر-15 طرز کی رائفل سے گولیوں کی بوچھاڑ کی۔
ہلاک ہونے والوں میں ایک کورین امریکن خاندان کے تین افراد میں ایک 3 سالہ بچہ، دو نوجوان بہنیں، ایک سیکورٹی گارڈ اور ایک بھارتی انجینئر شامل ہیں۔
پولیس نے حملے کی وجہ کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔
شوٹنگ ایک ایسے سال میں ہوئی ہے جس میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کی رفتار اتنی تیز رہی جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔
پولیس افسر کی وردی کے باہر سامنے لگے کیمرے کی فوٹیج کچھ اس طرح شروع ہوتی ہے کہ افسر ، مال کے باہر دو بچوں سےکہتا ہے کہ وہ اپنی سیٹ بیلٹ پہنیں اور اچھے بچےبنیں۔
کچھ ہی لمحوں بعد مال سے گولیوں کی تیز آواز گونجتی ہے۔ باڈی کیمرہ فوٹیج میں بچوں اور ان کےساتھ ایک عورت کو بھاگتے ہوئےدیکھا جا سکتا ہے جب کہ افسر ریڈیو پر اطلاع دینے کے بعد ، اپنی کار سے رائفل نکال کر اس جانب لپکتا ہے جدھر سے گولیا ں چلنے کی اوازیں آرہی تھیں۔
بھاگتا ہوا افسر چلا کر لوگوں سے کہتا ہے کہ وہ بھاگیں اور باہر نکل جائیں۔ ایک موقع پر، وہ ڈسپیچر سے کہتا ہے، "میں سمجھتا ہوں کہ بڑے پیمانےپر گولیاں چلانے والا یا ماس شوٹر موجود ہے” اور بندوق بردار پر چیختا ہے کہ وہ اپنا ہتھیار پھینک دے۔ افسر مزید کہتا ہے کہ "میں زخمی (لوگوں)کے پاس سے گزر رہا ہوں،”
اہلکار آؤٹ لیٹ کی باہر کی گیلریوں میں ایسے میں بھاگتا ہے جب کہ فائرنگ کی آوازیں آتی رہتی ہیں۔ ویڈیو میں تقریباً چار منٹ پر، افسر فائر کھولتا ہے اور کم از کم ڈیڑھ درجن گولیاں چلاتا ہے۔ایک ہی لمحے بعد، افسر چیختا ہے: "بندوق چھوڑ دو!” اور پھر رپورٹ کرتا ہے: "میں نے اسے گرالیا ہے”پھر ایک اور افسر نے بندوق بردار کی موت کی تصدیق کی۔
یہ ویڈیو اس کے ایک دن بعد جاری کی گئی جب ایک گرینڈ جیوری نے افسر کی کارروائی کو درست قرار دیتے ہوئے اسے الزامات سے بری قرار دیا جو پولیس کے ایک بیان کے مطابق یہ ظاہر کرتا ہے کہ ٹیکساس کے قانون کے مطابق "طاقت کا استعمال درست اور جائز تھا۔
بیان میں ایلن پولیس چیف برائن ہاروی نے افسر کی تعریف کی۔
ہاروے نے کہا کہ "یہ ویڈیو ظاہر کرتی ہے کہ عوام کے ساتھ معمول کی بات چیت کتنی جلدی زندگی اور موت کی صورت حال میں بدل گئی۔” "افسر نے خطرے کو پہچان لیا، اور اس طرف بھاگا جہاں گولیاں چل رہی تھیں۔ اور خطرے کو ختم کردیا اور اس کے اقدامات کے لیے، ایلن کمیونٹی ہمیشہ شکر گزار ر ہے گی۔”
ایک خاندان کے تین افراد ہلاک ہوئے: کیو سونگ چو، 37؛ سنڈی چو، 35؛ اور ان کا 3 سالہ بیٹا جیمز چو۔ ان کا 6 سالہ بیٹا زخمی ہوا۔
اس کے علاوہ 27 سالہ ایشوریہ ٹھٹیکونڈا ، 11 سالہ ڈینیالا مینڈوزا، اور 8 سالہ صوفیہ مینڈوزا، 20 سالہ سیکورٹی گارڈ کرسچن لاکور، اور 32 سالہ ایلیو کمانا ریواس بھی ہلاک ہو گئے۔
حکام نے بتایا کہ گارسیا نے قانونی طور پر خریدی گئی آٹھ بندوقوں میں سے ایک کا استعمال کیا جسے وہ مال میں لایا تھا۔
قاتل کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں تھا۔ ایک فوجی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ گارسیا تقریباً 15 سال پہلے بنیادی تربیت مکمل کرنے میں ناکام رہا اور ذہنی صحت کی وجوہات کی بنا پر اسےفوج سے نکال دیا گیا۔
گارسیا سفید فام بالادستی اور خواتین سے بیزاری پر مبنی خیالات رکھتا تھا۔ وہ مبینہ طور پر فائرنگ کو کھیل سمجھتا تھا۔ اس نے بعض تصاویر شائع کیں جن میں اس کے بڑے نازی ٹیٹو دکھائے گئے ہیں۔
اس رپورٹ کا مواد اے پی سے لیا گیا ہے۔
