بھارتی حیدر آباد: ورلڈ کپ کے سلسلے میں بھارت گئی پاکستانی ٹیم کو وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق بھارتی حیدر آباد میں راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بالنگ کی دعوت دی، تاہم بیٹنگ میں پاکستانی ٹیم کا آغاز بہت برا رہا۔
اوپنر امام الحق صرف 10 گیندیں ہی کھیل سکے جب کہ عبداللہ شفیق صرف 14 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ بعد میں کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے اچھی شراکت داری کا مظاہرہ کیا اور 144 رنز بنا کر ٹیم کی صورت حال کو استحکام دیا مگر پھر بابراعظم بھی 80 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔
محمد رضوان اور سعود شکیل نے ذمے داری کے ساتھ کھیل کا مظاہرہ کیا اور مشترکہ طور پر 159 رنز بنائے۔ پھر سعود شکیل بھی 75 رنز بنا کر لوٹ گئے۔ وکٹ کیپر محمد رضوان نے بہترین کھیل کھیلتے ہوئے 94 گیندوں پر اپنی سنچری اسکور کی۔ بعد ازاں شاداب خان 16 رنز کی اننگز کھیل کر 338 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنائے۔
محمد رضوان 103 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوکر نمایاں بلے باز رہے جب کہ بابر اعظم 80 اور سعود شکیل نے 75 رنز کی اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر نے 2 جبکہ میٹ ہینری، جیمز نیشم اور لوکی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کے 346 رنز ہدف کے تعاقب میں کیویز کو بھی اچھا آغاز تو نہیں ملا، تاہم انہوں نے میچ میں کامیابی حاصل کی۔ حسن علی نے دوسرے اوور میں ڈیون کانوے کو 4 کے مجموعی اسکور پر پویلین کی راہ دکھائی۔ بعد ازاں نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے محتاط انداز سے بیٹنگ کی اور 346 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 45ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
