
ڈارون ( اسپورٹس ڈیسک ) پاکستان شاہینز بنگلا دیش اے کے خلاف دوسرے 4 روزہ میچ کے دوسرے دن اپنی پہلی اننگز میں 179 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اسطرح بنگلا دیش اے کو پہلی اننگز میں 79 رنز کی برتری حاصل ہوگئی- کھیل کے اختتام پر بنگلا دیش اے نے اپنی دوسری اننگز میں 84 رنز بنائے تھے اور اس کے 3 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ اس طرح اسے 163 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوچکی ہے۔ پاکستان شاہینز نے 39 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز شروع کی لیکن کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ کامران غلام نے ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 48 رنز اسکور کیے۔ طیب طاہر نے 30 رنز بنائے۔ ان دونوں نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 78 رنز کا اضافہ کیا۔رپون مونڈل سب سے کامیاب بولر رہے۔انہوں نے 71 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ رجاء الرحمن راجا نے 3 کھلاڑی آؤٹ کیے۔ بنگلا دیش اے نے اپنی دوسری اننگز میں 84 رنز بنائے تھے اور اس کے 3 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ پہلی اننگز میں نصف سنچری بنانے والے محمود الحسن جوئے 39 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ انہوں نے امیت حسن کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 57 رنز کا اضافہ کیا۔ خرم شہزاد 2 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
