
پیرس( اسپورٹس ڈیسک )پیرس اولمپکس 2024 میں تمغوں کی دوڑ کا آغاز ہوگیا، چین نے پہلے دونوں گولڈ میڈلز جیت لیے۔امریکا نے بھی ایک گولڈ میڈل پر ہاتھ صاف کرلیا، پاکستان کے دونوں شوٹرز اپنے دونوں ایونٹس میں ناکام ہوگئے ۔ گیمز کے پہلے دن خواتین کے 3 میٹر اسپرنگ بورڈ ڈائیونگ ایونٹ میں عالمی چمپئن جوڑی چانگ یانی اور چن ییوین نے توقعات کے عین مطابق چین کے لیے گولڈ میڈل جیتا جبکہ امریکاکی سارہ بیکن اور کیسیڈی کک نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔انگلینڈ کی ڈائیورز یاسمین ہارپر اور اسکارلیٹ میو جینسن نے تیسری پوزیشن کے ساتھ برانز میڈل پر قبضہ جمایا، شوٹنگ کے 10 میٹر ایئر رائفل مکسڈ ٹیم ایونٹ میں چین نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
