English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکومت میں موجود کرپٹ افراد کا قلع قمع کرنا ہوگا ،جاوید قصوری

القمر

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر سستی بجلی ، آئی پی پیز کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کو ختم اور مہنگائی کو کم کرنے کے حوالے سے آج وزیر اعلیٰ ہائوس کے باہر عظیم الشان جلسہ منعقد کیا جائے گا ، جس میں مرد و خواتین سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص شرکت کرے گا، جب تک حکومت حقیقی معنوں میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات اور اپنے معاہدے پر من و عن عمل درآمد نہیں کرتی، اس وقت تک سٹرکوں پر رہیں گے، ہمارا دھرنا موخر ہوا ہے، ختم نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جلسے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں موجود چوروں، لیٹروں اور کرپٹ افراد کا قلع قمع کرنا ہوگا، تمام آئی پی پیز سے معاہدوں کو فرانزک آڈٹ کروایا جائے اور قومی خزانہ پر بوجھ بننے والی کمپنیوں سے چھٹکارا حاصل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کے خون پسینے کی کمائی ٹیکسوں کی مد میں لوٹ کر اپنے شاہانہ پروٹوکول پر خرچ کر رہے ہیں اور کوئی پوچھنے والا ہی نہیں، پی ڈی ایم ٹو کی حکومت بھی پی ڈی ایم ون اور کیئر ٹیکر حکومت کا تسلسل ہی ہے، بجٹ میں جس طرح عوام پر ٹیکسوں کی بھرمار کی گئی ہے، اس سے قوم کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتنی بد نصیبی کی بات ہے کہ میڈیا رپورٹ کے مطابق رواں سال 2024 کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران پاکستان سے 7 لاکھ 89 ہزار 837 لوگ روزگار کے لیے بیرون ملک چلے گئے، جبکہ گزشتہ مالی سال 2023 کے دوران 8 لاکھ 11 ہزار 469 افراد روزگار کے لیے بیرون ملک گئے تھے، حکمرانوں نے عوام کے لیے پاکستان میں رہنا دشوار بنا دیا، ہر شخص اپنے اچھے مستقبل کی خاطر پاکستان چھوڑنا چاہتا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ حکمران اپنی عیاشیاں بند کریں، پروٹوکول کا خاتمہ کیا جائے اور بیرونی امداد کے بجائے قومی وسائل سے استفادہ کیا جانا چاہیے، آئی ایم ایف کی ظالمانہ شرائط اور حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں نے مشکلات کے پہاڑ کھڑے کر دیے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے