راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف نے کثیر الملکی مشق ’’انڈس شیلڈ 2024 ‘‘ کا معائنہ کیا جس میں 24 فضائی افواج حصہ لے رہی ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان ائرفورس کے آپریشنل ائربیس کا دورہ کیا۔ آرمی چیف کا استقبال چیف آف ائر اسٹاف، ائر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کیا۔آرمی چیف جاری کثیر الملکی مشق ’’انڈس شیلڈ-2024‘‘ کا معائنہ کرنے پہنچے۔ اس موقع پر چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے۔ ’’انڈس شیلڈ-2024‘‘ خطے کی سب سے بڑی کثیر القومی مشق ہے، جس میں 24 فضائی افواج حصہ لے رہی ہیں۔ ’’اکٹھے ہوکر مضبوط تر‘‘کے عنوان سے جاری یہ مشق بین الاقوامی ہم آہنگی اور جدید سہولیات کے ذریعے تربیت کو فروغ دینے کا ایک بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔ آرمی چیف نے پاکستان ائرفورس کی جنگی تیاریوں اور اپ گریڈیشن پروگراموں میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مشق کے آپریشنز اور مختلف جدید ٹیکنالوجیز کے مظاہرے کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کو پاکستان ائرفورس کی جانب سے بریفنگ دی گئی، جس میں سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیاریوں اور اپ گریڈیشن سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔
