English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایران کا امریکی ایف-18 طیارہ گرانے کا دعویٰ، امریکہ کی تردید

القمر

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان بیانات کی جنگ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے، جہاں تہران نے ایک امریکی لڑاکا طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم واشنگٹن نے اس مؤقف کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔

 ایران کی عسکری تنظیم اسلامک پاسدارانِ انقلاب گارڈز (آئی آر جی سی) نے سرکاری نشریاتی ادارے کے ذریعے جاری بیان میں کہا کہ اس کے جدید فضائی دفاعی نظام نے جنوبی ایران کے ساحلی علاقے چاہ بہار کے قریب ایک امریکی ایف-18 جنگی طیارے کو نشانہ بنایا، جو مبینہ طور پر بحیرہ عرب میں گر کر تباہ ہو گیا، یہ کارروائی نیول موبیلائزیشن فورس کے ایئر ڈیفنس یونٹس نے انجام دی، جنہوں نے انتہائی درستگی کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنایا۔

ایرانی سرکاری میڈیا نے اپنے دعوے کے حق میں ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے، جس میں مبینہ طور پر طیارے کو نشانہ بنائے جانے کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہی ہے اور اسے ایران کی جانب سے اپنی عسکری کامیابی کے ثبوت کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب امریکی فوج کے مرکزی کمانڈ (سینٹکام) نے اس دعوے کو دو ٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایران کی جانب سے کسی امریکی جنگی طیارے کو مار گرانے کی خبر بے بنیاد اور حقیقت کے منافی ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے کسی امریکی طیارے کو نشانہ بنانے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا اور اس نوعیت کے دعوے دراصل معلوماتی جنگ کا حصہ ہو سکتے ہیں، جن کا مقصد گمراہ کن اطلاعات کے ذریعے رائے عامہ کو متاثر کرنا ہے۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ تنازع اب صرف عسکری محاذ تک محدود نہیں رہا بلکہ اطلاعات اور بیانیے کی سطح پر بھی شدت اختیار کر چکا ہے، جہاں دونوں فریق اپنی کامیابیوں کو نمایاں کرنے اور مخالف کو دباؤ میں لانے کے لیے مختلف دعوے کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اس ویڈیو یا ایرانی دعوے کی تاحال کسی آزاد اور معتبر ذریعے سے تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ خطے میں جاری فوجی کشیدگی، بیانات اور جوابی دعوؤں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس نے صورتحال کو مزید پیچیدہ اور غیر یقینی بنا دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے