English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکا اور ایران جنگ بندی معاہدے کے قریب، فریم ورک ڈیل پر پیش رفت جاری

القمر

واشنگٹن:امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں کمی کے آثار سامنے آنے لگے ہیں، جہاں دونوں ممالک ایک ممکنہ فریم ورک معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں جو جنگ کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مذاکرات سے واقف ایک اعلیٰ عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ فریقین کے درمیان بات چیت مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور جنگ بندی معاہدہ اب پہلے سے زیادہ قریب دکھائی دے رہا ہے،اگر یہ فریم ورک طے پا جاتا ہے تو موجودہ جنگ بندی میں توسیع کر کے مزید مذاکرات کا راستہ ہموار کیا جائے گا۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور مصر دو ہفتوں کی جنگ بندی ختم ہونے سے قبل امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے سفارتی کوششیں کر رہے ہیں، تاکہ کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکا جا سکے۔

ایک امریکی حکومتی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکا معاہدہ کرنے کا خواہاں ہے اور ایرانی حکومت کے بعض حلقے بھی اس کے لیے آمادہ ہیں، اصل رکاوٹ اعلیٰ قیادت کو قائل کرنا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق ایران پر بندرگاہوں کی ناکہ بندی اور معاشی دباؤ نے اسے مذاکرات کی طرف مائل کیا ہے، اگر ایران جنگ بندی پر آمادہ ہوتا ہے تو اس کی ایک بڑی وجہ معاشی مشکلات ہوں گی کیونکہ موجودہ صورتحال میں ایرانی معیشت شدید دباؤ کا شکار ہے۔

ایک اور امریکی عہدیدار نے خبردار کیا کہ اگر ایران تیل کی پیداوار برقرار نہ رکھ سکا تو اس کی معاشی حالت وینزویلا سے بھی بدتر ہو سکتی ہے، جو پہلے ہی شدید اقتصادی بحران کا سامنا کر رہا ہے، ابھی تک جنگ بندی میں توسیع کے حوالے سے کوئی حتمی معاہدہ نہیں ہوا اور دونوں ممالک کے درمیان رابطے اور بات چیت کا عمل جاری ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے