اسلام آباد(نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں احسن اقبال اور شاہد خاقان عباسی کی ضمانت کی درخواستیں سماعت کیلیے مقرر کردی گئی ہیں۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی جو سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے۔شاہد خاقان عباسی کی درخواستِ ضمانت پیر کو سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے جب کہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں دو ررکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔شاہد خاقان عباسی کو گزشتہ سال لاہور جاتے ہوئے موٹروے پر 18 جولائی کو نیب نے حراست میں لیا تھا جس کے بعد وہ 10 اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں رہے اور 11 اکتوبر سے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔ انہوں نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ نہ تو ان سے کوئی جرم سرزد ہوا اور نہ کسی جرم میں دوسرے کی معاونت کی، نیب کی میرے خلاف کارروائی بد دیانتی اور سیاسی بنیادوں پر مبنی ہے۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے بھی گزشتہ روز اپنے وکیل اعظم نذیر تارڑ کے ذریعے درخواست ضمانت دائر کی تھی جو پیر کو سماعت کے لئے مقرر کی گئی ہے، درخواست پر سماعت ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں دو ررکنی بنچ کرے گا۔احسن اقبال ناروال سپورٹس سٹی پراجیکٹ کیس میں اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ہے، اور انہیں نیب نے گزشتہ سال 23 دسمبر کو گرفتار کیا تھا۔
احسن اقبال،شاہد خاقان کی ضمانت کی درخواستیں سماعت کیلیے مقرر
القمر
