حسن ابدال (صباح نیوز) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ 2020ء لاڈلے کا آخری سال ثابت ہو گا، ہم نے مہنگائی کے خلاف مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے، تبدیلی کا خواب دیکھنے والے عوام آج مایوسی کا شکار ہیں، لاڈلے کو لانے والے سلیکٹرز آج خود پریشان دکھائی دیتے ہیں، یو ٹرن کے ماہر نے عوام کی چیخیں نکلوانے کا وعدہ سچ ثابت کر دکھایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز لیبر بیورو کے زیر اہتمام حسن ابدال میں منعقد ہونے والے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث عوام ذہنی مریض بن چکے ہیں، پیپلز پارٹی کو ہمیشہ مشکل حالات میں حکومت ملی مگر اس کے باوجود ہمارے دور میں تاجر اور صنعت کار خوشحال تھے اور مزدور کی تنخواہوں میں بھی ریکارڈ اضافہ کیا گیا تھا، آج حکمران ڈگڈگی بچا کر صحت کارڈ اور احساس کارڈ جیسے منصوبوں پر ناچ رہے ہیں، بے نظیر انکم سپورٹ پروکرام کے کارڈ سے بے نظیر کی تصویر ہٹانے والے جان لیں کہ ایسی حرکتوں سے عوام کے دلوں سے بے نظیر کو نکالا نہیں جا سکتا، عمران خان حکومت میں ہیں مگر اب تک انہیں خود بھی یقین نہیں آرہا، یہی وجہ ہے کہ ان کی ناقص پالیسیوں سے ان کے اتحادی بھی نالاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول زرداری نے مہنگائی کے خلاف بھرپور انداز میں مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے، 2020 ء حکومت کا آخری سال ثابت ہو گا۔
دوہزار بیس عمران خان کا آخری سال ثابت ہو گا، قمر زمان
القمر
