جدہ (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کی علما کونسل نے کورونا وائرس کے تناظر میں عمرہ ادا کرنے پر پابندی کو عارضی قرار دے کر حکومتی اقدام کی حمایت کردی۔ کونسل کا کہنا تھا کہ اقدام شریعت کے عین مطابق ہے اور یہ فیصلہ وبائی مرض سے نمٹنے کے لیے کیا گیا ہے۔ علما کونسل کے جنرل سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انسانی جانوں کی حفاظت کے پیش نظر حکومت نے سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا ہے عمرہ اور مسجد نبوی کی زیارت پر پابندی عارضی اقدام ہے اور قانونی و اخلاقی اعتبار سے یہ فیصلہ قابل تحسین ہے۔

