English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکا نے عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ روک دی

القمر

واشنگٹن/نیویارک (اے پی پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کی وبا کے تناظر میں عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او)کے لیے امریکی فنڈنگ روکنے کا اعلان کیا ہے،صدر ٹرمپ نے الزام لگایا ہے کہ عالمی ادارہ صحت اپنی ذمے داریوں اور فرائض کی انجام دہی میں غفلت اور ناکامی کا مرتکب ہواہے۔ بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت پر الزام عاید کرتے ہوئے کہا کہ ڈبلیو ایچ او نے کورونا وائرس کی وباء میں جانبدارانہ رویہ اپنایا اور چین کی جانب سے اس سلسلے میںغلط معلومات کو فروغ دیا ہے اور اسی وجہ سے یہ وائرس وسیع پیمانے پر پھیلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او اپنے بنیادی فرائض کی انجام دہی میں ناکام ہوا ہے جس کا احتساب ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی انتظامیہ کو عالمی ادارہ صحت کے لیے فنڈز روکنے کی ہدایت کر رہے ہیں جبکہ کورونا وائرس کے پھیلائو میں عالمی ادارہ صحت کے درست معلومات چھپانے اور انتہائی غیر منظم کردار ادا کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔اس ضمن میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایک بیان میں کہا کہ ڈبلیو ایچ او نے ماضی میں اچھا کام کیا تاہم اب کی بار وہ اپنا بھرپور کردار ادا نہیں کرسکا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے کورونا سے پیدا ہونے والے بحران کے بعد ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کو فنڈنگ روکنے کا انتباہ کیا گیا تھا۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی عالمی ادارہ صحت ’ڈبلیو ایچ او‘ کے فنڈز روکنے کی ہدایت پر عالمی سطح پر شدید ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کے اس فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لی جیان نے کہا کہ امریکی فیصلے سے تمام ممالک متاثر ہوں گے۔ جرمن وزیر خارجہ ہیکو ماس نے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ وائرس کی کوئی سرحد نہیںہوتی اور ہمیںاس کے خلاف مل کر کام کرنا ہوگا۔ امریکی میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدرڈاکٹر پیٹرس ہیرس نے اسے غلط سمت میں ایک خطرناک اقدام قراردیتے ہوئے صدر ٹرمپ سے اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کرنے کی اپیل کی ہے۔نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم جیکیڈا آرڈرن نے کہا کہ ڈبلیو ایچ اوکے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔مائیکروسافٹ کے شریک بانی اور چیئرمین بل گیٹس نے عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ -19) کے مسلسل بڑھتے کیسز کے درمیان امریکا کی جانب سے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی فنڈنگ روکنے کے فیصلہ کو خطرناک قرار دیا ہے۔مسٹر گیٹس نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کی جانب سے کیے جا رہے کاموں سے کووڈ -19 کے انفیکشن کو پھیلنے سے روکنے میں مدد ملی ہے اگر ڈبلیو ایچ او کا کام رک جاتا ہے تو کوئی دوسری تنظیم اس کی جگہ نہیں لے سکتی۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے کہا ہے یہ وقت کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں عالمی ادارہ صحت یا کسی بھی انسانی تنظیم کی سرگرمیوں کے لیے وسائل میں کمی کا نہیں ہے بلکہ یہ وقت اتحاد و یکجہتی اور بین الاقوامی برادی کے کورونا وائرس سے نمٹنے اور اس کے نتائج کو روکنے کے لیے مل کر کام کرنے کا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے